لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)پنجاب پولیس کے زیراہتمام یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پرسنٹرل پولیس آفس میں پروقار تقریب سجائی گئی جس میں شہداء پولیس کی فیملیزاور ورثاء کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر کیلئے حکومتی تعاون اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے 2017سے قبل کے شہداء کو گھروں کی فراہمی کیلئے ایک مربوط نظام تشکیل دیا جارہا ہے جس کے تحت گھروں کی تعمیر، فراہمی اور دیگر اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہداء کے بچوں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم کیلئے سکالرشپس دئیے جارہے ہیں جبکہ ان کی ملازمتوں کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے تمام شہداء کے ورثاء کوگولڈ میڈل دئیے جارہے ہیں، شہداء کی لازوال قربانیوں کے اعزاز میں سنٹر ل پولیس آفس میں شہداء وال بنائی گئی ہے جس پر پنجاب پولیس کے تمام شہداء کے نام سنہری الفاظ میں درج کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہم اپنے شہداء کی فیملیز کو نہیں بھولے اور نہ ہی کبھی فراموش کریں گے بلکہ ان کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہداء کے لواحقین کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور محکمہ زندگی کے ہر موقع پر انکے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔
(روز نامہ پاکستان)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
