آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا سنٹرل پولیس آفس کی جامع مسجد اور ویلفیئر کینٹین کا اچانک دورہ
مسجد میں نمازیوں کی سہولت کے لئے قرآن و احادیث پر مشتمل جدید ٹیبلٹ فراہم کرنے کی ہدایت،
اذان اور امامت کیلئے زیر استعمال پرانے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سپیکرز کی جگہ پر نئے اسپیکرز لگائے جائیں۔ آئی جی پنجاب
کینٹین میں فراہم کردہ کھانے کا معیار چیک کرنے کیلئے ملازمین کے ہمراہ کھاناکھایا۔
آئی جی پنجاب کا ملازمین کیلئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ارزاں نرخوں پر معیاری کھانے فراہم کرنے کا حکم۔
سنٹرل پولیس آفس کی ویلفیئر کینٹین کا مینیو پولیس ملازمین کی پسند کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ آئی جی پنجاب
کچن کی صفائی اور ہائی جینک ماحول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، افسران باقاعدگی سے انسپکشن یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس کی جامع مسجد اور ویلفیئر کینٹین کے اچانک دورے کئے اور ملازمین کیلئے دستیاب سہولیات کی انسپکشن کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس کی جامع مسجد میں نمازیوں کی سہولت کیلئے نئے قالین بچھا دیئے گئے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مسجد کی دیواروں پر قرآنی آیات کی خوبصورت پینٹنگز آویزاں کی جائیں، نمازیوں کے مطالعے کے لئے قرآن و احادیث کی تعلیمات پر مشتمل جدید ٹیبلٹ فراہم کئے جائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اذان اور امامت کیلئے زیر استعمال پرانے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سپیکرز کی جگہ پر نئے اسپیکرز لگائے جائیں جبکہ وضو کی جگہ پر نیا پریشر پمپ اور پینے کے پانی کیلئے واٹر کولر لگایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اے آئی جی لاجسٹکس جامع مسجد کی تزئین و آرائش کے تمام ترقیاتی کام ذاتی نگرانی میں جلد از جلد مکمل کروائیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کی ویلفیئر کینٹین کا بھی اچانک دورہ کیا اور کینٹین میں فراہم کئے جانے والے کھانے کا معیار چیک کرنے کیلئے ملازمین کے ہمراہ کھاناکھایا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ملازمین کیلئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ارزاں نرخوں پر معیاری کھانے فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سنٹرل پولیس آفس کی ویلفیئر کینٹین کا مینیو پولیس ملازمین کی پسند کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ملازمین کیلئے روایتی کھانوں کے علاوہ فاسٹ فوڈ، جوس آئٹمز سمیت دیگر ڈشز بھی رکھی جائیں جبکہ کینٹین میں کچن کی صفائی اورجرا ثیم سے پاک صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سینئر افسران ویلفیئر کینٹین میں کھانے کا معیار برقرار رکھنے کیلئے باقاعدگی سے انسپکشن جاری رکھیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین اور اے آئی جی لاجسٹکس اسماعیل الرحمان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 222 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************

