May 14, 2023
لاہور(نامہ نگار) شیراکوٹ پولیس نے شہر میں منشیات کی سپلائی ناکام بنا کر دو خواتین سمیت چار ملزمان کو بھاری مقدار میں منشیات سمیت گرفتارکرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کار سوار ملزمان منشیات کی بھاری کھیپ لاہور شہر میں سپلائی کےلئے لا رہے تھے۔ ایس ایچ او شیرا کوٹ ناصر حمید کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کار کی چیکنگ کی تو ساڑھے 37 کلو چرس اور سوا 5 کلو افیون برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے 2 خواتین سمیت 4 ملزمان فضل، اکرم، گل حرم اور نسیم کو گرفتارکر لیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔وحدت کالونی پولیس نے چوک عاشق آباد مقبول روڈ سے منشیات فروش عالمگیر کو گرفتارکر کے 1460 گرام چرس اور110 گرام آئس برآمد کرلی۔ ملزم عالمگیر تعلیمی اداروں،نہر کنارے، ہاسٹل، اور ہوٹلز کےگردونواح میں منشیات فروخت کرتا تھا۔
(روز نامہ نوائے وقت)
**********