آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا صوبہ بھر میں غیر منظور شدہ پولیس چوکیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم، عملدرآمد کی رپورٹ طلب

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا صوبہ بھر میں غیر منظور شدہ پولیس چوکیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم، عملدرآمد کی رپورٹ طلب
سنٹرل پولیس آفس سے منظوری حاصل کئے بغیر آر پی اوز اور ڈی پی اوز کوئی پولیس چوکی قائم نہیں کر سکیں گے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت
منظور شدہ پولیس چوکیوں پر فرنٹ ڈیسک کا قیام اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب 10 مئی تک مکمل کر لی جائے۔ آئی جی پنجاب
تمام گرفتاریاں اور انوسٹی گیشن متعلقہ تھانہ جات میں کی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا سانحہ داتا دربار لاہور کے شہدا کو پانچویں یوم شہادت پر خراج عقیدت
 سانحہ داتا دربار میں ایلیٹ فورس کے ہیڈ کانسٹیبلز محمد سہیل، گلزار علی، شاہد نذیر، کانسٹیبلان محمد سلیم اور محمد صدام نے جام شہادت نوش کیاتھا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں غیر منظور شدہ پولیس چوکیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے تمام غیر منظورشدہ چوکیوں کو ختم کرنے پر عملدرآمد کی رپورٹ دو روز کے اندر سنٹرل پولیس آفس طلب کرلی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، تمام سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنٹرل پولیس آفس سے آئی جی پنجاب اوراپنے ضلع کے متعلقہ آرپی اوز کی منظوری حاصل کئے بغیروہ کوئی پولیس چوکی قائم نہیں کر سکیں گے اورتمام اضلاع میں چوکیوں کے قیام کیلئے متعلقہ آر پی اوز کو 09 مئی تک آئی جی پنجاب سے اجازت لینا ہو گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ منظوری کے بعد قائم ہونے والی پولیس کی تمام چوکیوں پر فرنٹ ڈیسک اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے گی، پولیس چوکی میں حوالات موجود نہیں ہونگے تاہم اگر متعلقہ تھانہ 50 کلو میٹر دور ہے تو اس صورت میں متعلقہ آرپی اوز، آئی جی پنجاب کی منظوری کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ حوالات بنوا سکتے ہیں جس کی سی سی ٹی وی نگرانی کا سسٹم مکمل فعال ہونا چاہئیے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تمام گرفتاریاں اور انوسٹی گیشن متعلقہ تھانہ جات میں کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ منظور شدہ پولیس چوکیوں پر فرنٹ ڈیسک کا قیام اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب 10 مئی تک مکمل کر لی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس چوکیوں کا مقصد جرائم و منشیات فروشی کی روک تھام، پتنگ بازی کا تدارک، اشتہاری مجرموں کی گرفتاری، پٹرولنگ اور جرائم کی وارداتوں پر فوری ریسپانڈ کرنا شامل ہیں،ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے اے آئی جی آپریشنز نے مذکورہ ہدایات بذریعہ مراسلہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، تمام سی پی آوز اور ڈی پی آوز کو بھجوا دیں ہیں۔
سوشل میڈیا پر فورس اور شہریوں کے نام جاری اپنے پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران قیمتی جانوں کا نذرانے پیش کرنے والے فورس کے تمام شہداء اور شہیدہونے والے شہریوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا، ان جوانوں کی لازوال خدمات اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ جانوں کے نذرانے پیش کرنے کے باوجود پولیس نے کسی بھی عبادت گاہ یا حساس مقام کے سکیورٹی مقام کو خالی نہیں چھوڑا، پولیس آج بھی مساجد، امام بارگاہوں اور تمام مذہبی مقامات کی سکیورٹی یقینی بنا رہی ہے۔ حضرت عثمان علی ہجویری رحمۃاللہ کے مزار اقدس اور زائرین کی سکیورٹی پر مامور جوانوں نے 2019 میں جام شہادت نوش کیا تھا اورشہداء میں ایلیٹ فورس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد سہیل،ہیڈ کانسٹیبل گلزار علی، ہیڈ کانسٹیبل شاہد نذیر، کانسٹیبل محمد سلیم اور کانسٹیبل محمد صدام نے فرض کی راہ میں جانیں قربان کیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ جوانوں کے یوم شہادت کے روزانہ صرف انہیں شایان شان خراج تحسین پیش کیا جائے گا بلکہ ان شہداء کے لواحقین کو کال کرکے ضروریات بارے دریافت کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کے لواحقین کو زندگی کے کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گجرات میں دو مختلف واقعات میں تین خواتین کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو ملزمان کی جلد از جلدگرفتاری کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دونوں واقعات کے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 202)

سید مبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

*************************

Press Release Date: 
Monday, May 8, 2023