خواتین افسران مظلوم کی داد رسی‘ظالم کی سرکوبی کو اولین مقصد بنائیں، آئی جی

May 07, 2023

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور کا دورہ کیا اور کالج میں زیر تربیت  2 ہزار سے زائد خواتین ریکروٹس کو دوران لیکچر فیلڈ چیلنجز سے عہدہ براہ ہونے کی گائیڈ لائن دی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ سمارٹ پولیسنگ کے لئے جدید ٹریننگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایپلی کیشنز سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، تمام زیر تربیت خواتین افسران خلق خدا کی خدمت، مظلوم کی داد رسی اور ظالم کی سرکوبی کو اپنا اولین مقصد بنائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہماری فورس کی خواتین انتہائی ذہین، بہادر اور تخلیقی صلاحیتوں کی مالک ہیں لہٰذا تمام خواتین افسران تربیت مکمل کرنے کے بعد جرائم کی روک تھام میں نمایاں کردار ادا کریں۔ ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ خواتین اہلکار پولیس فورس کا انتہائی اہم جزو ہیں، ان کے ٹریننگ ماڈیولز کو بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 100 دنوں میں سپاہ کی پروموشن، ویلفیئر اور صحت کی حفاظت کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے، اب ملازمین کی ہیلتھ اور ویلفیئر کے ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ بھی شروع کر رہے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ویلفیئر پراجیکٹس سے پولیس ملازمین اور اہل خانہ کو علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کی ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سسٹم کو درست کرنے اور دوران ڈیوٹی رویوں کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

(روز نامہ پاکستان)

*********