آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کچہ آپریشن میں شہید ہونے والے ایلیٹ اہلکار غلام قاسم کو شاندار خراج عقیدت

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کچہ آپریشن میں شہید ہونے والے ایلیٹ اہلکار غلام قاسم کو شاندار خراج عقیدت
ایلیٹ فورس کے جانباز غلام قاسم نے فرض کی راہ میں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی جی پنجاب
پنجاب پولیس ایسے ہی سینکڑوں بہادر شہداء اور غازیوں کی امین فورس ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور
کچہ رجوانی کے علاقے میں خطرناک کریمنل قابل سکھانی کی کمیں گاہ تباہ کر دی گئی۔
 قابل سکھانی کی کمیں گاہ میں چھپایا گیا بھاری اسلحہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
رحیم یار خان میں عمرانی اور قیصرانی گینگز کے 05کارندوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔
سرنڈر کرنے والوں میں اقبال قیصرانی، علی نواز عمرانی، عبدالعزیز عمرانی، عبدالرشید عمرانی اور شاہد عمرانی بلوچ شامل ہیں۔
کچہ آپریشن میں گرفتاریوں کی تعداد 33 ہوگئی 3 ڈاکو فائرنگ کے تبادلے میں کیفر کردار تک پہنچے۔
کچہ آپریشن میں شریک جوانوں کا مورال اور جذبہ بلند ہے، مجرموں کے مکمل قلع قمع تک آپریشن جاری رہے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ آپریشن کے دوران راجن پور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایلیٹ اہلکار غلام قاسم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ایلیٹ فورس کے جانباز غلام قاسم نے فرض کی راہ میں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے جانبازوں نے جواب میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس اور پاکستانی قوم غلام قاسم شہید کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرئے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ایسے ہی سینکڑوں بہادر شہداء اور غازیوں کی امین فورس ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچہ آپریشن میں شریک جوانوں کا مورال اور جذبہ بلند ہے اورکچہ کے علاقہ سے تمام مجرمان کے قلع قمع تک آپریشن جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق شہید کانسٹیبل غلام قاسم کا تعلق راجن پور سے تھا اور وہ ایلیٹ فورس میں خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ غلام قاسم2008میں پنجاب پولیس کا حصہ بنے، انہوں نے ستمبر2015سے اپریل2016تک ایلیٹ پولیس کا ٹریننگ کورس مکمل کیا، وہ ان دونوں کچہ آپریشن میں فرنٹ لائن پر ڈاکوؤں کی سرکوبی میں مصروف تھے۔ غلام قاسم شہید نے سوگواران میں بوڑھی والدہ اور بیوی کو سوگواران میں چھوڑا ہے۔
مزید برآں پنجاب پولیس کا کچہ گرینڈ آپریشن 25ویں روز بھی جاری رہا اور پولیس کی بروقت کاروائیوں کے نتیجے میں مزید کامیابیاں حاصل ہوئیں۔کچہ رجوانی کے علاقے میں خطرناک کریمنل قابل سکھانی کی کمیں گاہ تباہ کر دی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ قابل سکھانی کچہ کے علاقے میں مجرمانہ کاروائیوں کی وجہ سے خوف اور دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا، پنجاب پولیس کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں قابل سکھانی کی کمیں گاہ کو آگ لگ گئی اور وہ جل کر مکمل طور پر خاکستر ہوگئی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ قابل سکھانی کی کمیں گاہ میں چھپایا گیا بھاری اسلحہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا ہے اور ڈرون کیمرے سے لی گئی ویڈیو میں قابل سکھانی کی جلتی ہوئی کمیں گاہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل قابل سکھانی نے راکٹ لانچر کے ساتھ پولیس کی اے پی سی پر حملہ کیا تھاجس میں پولیس ٹیم زیادہ نقصان سے محفوظ رہی تھی۔ پنجاب پولیس کے گرینڈ آپریشن کے نتیجے میں خطرناک جرائم پیشہ عناصرعمرانی اور قیصرانی گینگز کے 05کارندوں نے بھی ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کر دیا ہے۔سرنڈر کرنے والوں میں اقبال قیصرانی، علی نواز عمرانی، عبدالعزیز عمرانی، عبدالرشید عمرانی اور شاہد عمرانی بلوچ شامل ہیں جو کچہ کے علاقوں میں ڈکیتی، قتل، اقدام قتل، پولیس پر فائرنگ، اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے،مذکورہ گرفتاریوں کے بعد کچہ آپریشن میں گرفتاریوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے جبکہ 3 ڈاکو فائرنگ کے تبادلے میں کیفر کردار تک پہنچ چکے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ کچہ کے کریمینلز کا سرنڈر کرنا پولیس کی جہد مسلسل اور موئثر و کامیاب حکمت عملی کا مظہر ہے اور سرنڈر کرنے والوں ملزمان کے مقدمات میرٹ اور انصاف کے عین مطابق نمٹائے جائیں گے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس جوانوں کا مورال بلند ہے،پولیس ٹیمیں ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، کچہ کے علاقے سے کریمنلز کا مکمل خاتمہ مشن ہے اور ان علاقوں میں ریاست کی رٹ ہرصورت بحال کریں گے۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 189)

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Wednesday, May 3, 2023