سنٹرل پولیس آفس لاہور میں کچہ آپریشن کے لیے بھجوائی گئی تازہ دم نفری کو ”عطائے عَلم“کی پروقار تقریب۔
آئی جی پنجاب نے ’عطائے عَلم“ کی سینہ گرما دینے والی تقریب میں پنجاب پولیس کا پرچم نفری کمانڈر کے سپرد کیا۔
پولیس کے تازہ دم دستوں میں ایلیٹ کمانڈوز، سنائپرز، سپیشل آپریشن یونٹ اور پنجاب کانسٹیبلری کے جانباز شامل ہیں۔
پولیس دستے جدید ترین ہتھیاروں،سنائپر گنز، بلٹ پروف جیکٹس سمیت آپریشن کے مکمل سازو سامان سے لیس ہیں۔
آج ایک ہزار تازہ دم نفری جنوبی پنجاب روانہ کی گئی جبکہ مزید دو ہزار جانباز کل کچہ روانہ ہو جائیں گے۔ آئی جی پنجاب
میں امید کرتا ہوں کہ آپ کچہ سے ان ڈاکوؤں، دہشت گردوں اور بدمعاشوں کے خاتمے میں کسی غفلت یاسستی کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ آئی جی پنجاب
کچے کے علاقوں میں پولیس نے اپنے کیمپس قائم کردئیے، اب وہاں فورس کی مستقل تعیناتی اور مرحلہ وار ڈیوٹی لگائی جارہی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور
پاکستان کے قانون و آئین کے سامنے سر جھکانے والے ڈاکوؤں اور شدت پسندوں کو ریاست کی جانب سے مکمل امان ملے گی۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ آپریشن کیلئے پنجاب پولیس کی تازہ دم نفری سنٹرل پولیس آفس میں ”عطائے عَلم“ کی پروقار تقریب کے بعد جنوبی پنجاب روانہ کردی ہے۔ پولیس کے تازہ دم دستوں میں ایلیٹ کمانڈوز، سنائپرز، سپیشل آپریشن یونٹ اور پنجاب کانسٹیبلری کے جانباز شامل ہیں اور پولیس دستے جدید ترین ہتھیاروں،سنائپر گنز، بلٹ پروف جیکٹس سمیت آپریشن کے مکمل سازو سامان سے لیس ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ آج ایک ہزار تازہ دم نفری کچہ کیلئے جنوبی پنجاب روانہ کی گئی جبکہ قریبا مزید دو ہزار جانباز کل کچہ روانہ ہو جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ’عطائے عَلم“ کی سینہ گرما دینے والی تقریب میں پنجاب پولیس کا پرچم نفری کمانڈر کے سپرد کیااور جوانوں سے مصافحہ کرتے ہوئے انہیں سنٹرل پولیس آفس سے بسوں میں بٹھا کر روانہ کیا۔آئی جی پنجاب نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس کے جانباز کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں، راہزنوں، بدمعاشوں اور ملک دشمن عناصر کے قلع قمع کا انتہائی اہم قومی فریضہ بھرپور تندہی کے ساتھ اداکر رہے ہیں اور پولیس ٹیموں کی معاونت اور جذبے کو بڑھانے کیلئے جدید سازو سامان اور سہولیات سے لیس پولیس نفری کے تازہ دم دستے بھی کچہ بھجوا دئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ میرا یقین کامل ہے کہ پنجاب پولیس کچہ کی کمین گاہوں سے ڈاکوؤں، دہشت گردوں اور بدمعاشوں کے خاتمے میں کسی غفلت یاسستی کا مظاہرہ نہیں کرے گی اور ارض پاک کا چپہ چپہ ان معاشرتی ناسوروں سے صاف کرکے قانون و آئین پاکستان کی حکمرانی یقینی بنائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ان علاقوں میں پائیدار امن کی بحالی اور شہریوں میں احساس تحفظ کی فضا کو مضبوط سے مضبوط بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے لہذا اسی لئے پنجاب پولیس نے سیاسی سرپرستی میں تمام سکیورٹی اداروں کے تعاون سے ہیٹ میپ کے مطابق آپریشن کا آغاز کیا اور ٹارگٹڈ کاروائیوں کے ذریعے ہر روز متعدد اندرونی علاقوں کو کلئیر کروایا جارہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں پولیس نے اپنے کیمپس قائم کردئیے، اب وہاں فورس کی مستقل تعیناتی اور مرحلہ وار ڈیوٹی لگائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قانون و آئین کے سامنے سر جھکانے والے ڈاکوؤں اور شدت پسندوں کو ریاست کی جانب سے مکمل امان ملے گی اور ہتھیار ڈالنے والے کسی شرپسند یا سماج دشمن عناصر کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔ آئی جی پنجاب نے فورس کو ہدایت کی کہ وہ شجاعت، فرض شناسی اور جذبہ جہاد کے تحت کاروائیوں میں تیزی لائیں اوراغواء برائے تاوان سمیت جرائم کی دیگر منظم و سنگین وارداتوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کریں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں کچہ آپریشن کے لیے بھجوائی گئی تازہ دم نفری کو ”عطائے عَلم“کی پروقار تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔
آئی جی پنجاب نے آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنا پیغام ریکارڈ کروایا اور فرائض کی بہترین ادائیگی پر ان کو شاباش دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس پر چلنے والی ہر گولی کا جواب تین گولیوں سے دیاجائے گا اور ارض پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت میں کوئی کسی نہیں اٹھا رکھے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کچہ کے علاقوں کو مکمل طور پر صاف کرکے مجرمان کو عدالت کے کٹہرے میں پیش کرے گی اور ریاست وقانون کی رٹ کو مکمل طور پر بحال اور برقرار رکھا جائے گا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پی سی اور ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب نے بھی جوانوں سے خطاب کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 179)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
