لاہور(نمائندہ خصوصی) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے عید الفطر پر پولیس شہدا، دوران سروس وفات پانے والے ملازمین اور غازیوں کے بچوں کیلئے3 تحائف کا اعلان کردیا گیا۔آئی جی پنجاب نے شہداءاور دوران ڈیوٹی انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کی محکمہ میں بھرتی کیلئے عمر کی حد 22 سے بڑھا کر 25 برس کروا دی، میٹرک کے امتحان میں پچاس فیصد نمبروں کی شرط بھی ختم کردی گئی، صرف میٹرک پاس بھی اب محکمہ میں اپلائی کرنے کا اہل ہوگا، ڈرائیور کانسٹیبل کی سیٹ پر بھرتی کیلئے دوسالہ تجربے کی شرط بھی ختم کروا دی۔انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب کابینہ نے عمر میں توسیع ، نمبروں کی شرح اور تجربے کی شرائط ختم کرنے کی منظوری دےدی ہے، اس اقدام سے سینکڑوں بچوں کو فائدہ حاصل ہوگا، کسی بھی وجہ سے ملازمت سے محروم رہ جانے والے پولیس شہداءاور ملازمین کے بچوں کیلئے ڈرائیور کانسٹیبل اور دیگر آسامیوں پر بھرتی کی راہ ہموار ہو جائےگی۔ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے تمام غازیوں کو سی ٹو میں شامل کرنے کی سمری پر دستخط کردیئے۔
(روز نامہ نوائے وقت)
************