آئی جی پنجاب کا رمضان المبارک کے آخری ہفتے میں صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم۔

آئی جی پنجاب کا رمضان المبارک کے آخری ہفتے میں صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم۔
صوبہ بھر میں مذہبی و عوامی مقامات بشمول مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر حساس جگہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
مساجد میں نماز تراویح اور محافل شبینہ کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت بہترین انتظامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب
بینکوں، کمرشل مقامات اور اے ٹی ایم مشینوں سے پیسہ نکالنے والے شہریوں کی سکیورٹی کو بطور خاص مد نظر رکھا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور
رمضان المبارک کے آخری ہفتے کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پہلے سے زیادہ محنت اور جذبہ جہاد کے تحت فرائض ادا کریں۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رمضان المبارک کے آخری ہفتے کے دوران صوبہ بھر میں حساس و عوامی مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں، فورس کے نام پیغام میں آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں مذہبی و عوامی مقامات بشمول مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر حساس پوائنٹس کی سکیورٹی کیلئے اضافی دستوں کو تعینات کیا جائے اور مساجد میں نماز تراویح اور محافل شبینہ کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت بہترین انتظامات کئے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ رمضان المبارک کے آخری ہفتے کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پہلے سے زیادہ محنت اور جذبہ جہاد کے تحت فرائض ادا کریں،شاہرات پر ٹریفک کی بلا تعطل ہموار روانی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ڈاکوؤں و راہزنوں کو پابند سلاسل کرکے بازاروں کی رونقوں کو قائم رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بہتر فیلڈ پٹرولنگ اورجدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے یقینی بنائیں تاکہ عید شاپنگ کیلئے جانے والی کسی فیملی کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے فورس کو تاکید کی کہ کسی ایک جگہ پر بھی بدمعاشوں، غنڈوں، منچلوں اور اوباشوں کی سرگرمیوں سے شاپنگ کیلئے نکلنے والی فیملیز کو پریشان نہ ہونا دیا جائے جبکہ پولیس ٹیمیں بازاروں میں آنے والی فیملیزکی سکیورٹی اور سہولت کا ویسے ہی خیال رکھیں جیسے اپنی فیملیز کی سکیورٹی کا خیال رکھا جاتا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ڈاکوؤں، راہزنوں، بدمعاشوں، غنڈوں، اوباشوں و منچلوں کو پابند سلاسل کرکے معاشرے میں احساس تحفظ کی فضا کو فروغ دیا جائے جبکہ بینکوں، کمرشل مقامات اور اے ٹی ایم مشینوں سے پیسہ نکالنے والے شہریوں کی سکیورٹی کو بطور خاص مد نظر رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس فورس کو جو کروڑوں روپے کے انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں، بہترین کارکردگی سے اس عزت افزائی کا صلہ عوام تک پہنچائیں تاکہ وہ عید کی شاپنگ پر امن ماحول میں کرکے مذہبی تہوار کی خوشیوں کو دوبالا کرسکیں۔ یہ ہدایات آئی جی پنجاب نے آج سنٹرل پولیس آفس میں رمضان المبارک کے آخری ہفتے کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے فورس کیلئے خصوصی پیغام میں جاری کیں۔
  مزید برآں آئی جی پنجاب نے پولیس فورس کی محکمانہ ترقیوں کے رواں ہفتے کے شیڈول کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کی ترقیوں کیلئے سمری حکومت نے منظور کرلی، اور اس سلسلے میں رواں ہفتے پروموشن بورڈ اجلاس منعقد ہوگا۔ٹریفک وارڈنز اور ڈرائیورز اور وائرلیس سٹاف کی ترقیوں کیلئے نئی آسامیوں کی منظوری مل گئی ہے اور بہت جلد میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق حقداروں کو انکا حق مل جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ لیگل انسپکٹرز کی ڈی ایس پیز پر ترقیوں کیلئے پروموشن بورڈ اجلاس عید سے قبل منعقد ہوگا۔ڈاکٹر عثمان انور نے سیف سٹی اتھارٹیز میں نئی ریکروٹمنٹ کیلئے اجازت دینے پر پنجاب کابینہ کا بطور خاص شکریہ ادا کیا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک تک محکمانہ ترقیوں کے نتیجے میں خالی ہونے والی آسامیوں پر مقررہ وقت پر بھرتی کا عمل شروع ہوگا اور دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ان تمام ترقیوں کا مقصد کسی کا انفرادی فائدہ ہر گز نہیں بلکہ اپنے خاندان کے دیگر افراد یعنی عوام الناس اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بے لوث خدمت کو یقینی بنانا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے ہر بے بس و مظلوم شخص کا ساتھ اولین فرض سمجھ کر دیں اور ظالموں کے ہاتھ کو روک دیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ظالموں کو زیر دست کر دیجئے اور مظلوموں کا سہارا بن کر اور انہیں انصاف دے کر اوپر لے آئیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا کہ ان اقدامات کی بدولت ہی ہم اپنی ڈیوٹی کا حق ادا کرسکتے ہیں ورنہ یہ تمام ترقیاں اور اختیارات بے معنی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پاکستان کی عوام کی جان و مال کی حفاظت ہمارا بنیادی فرض ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
 
(ہینڈ آؤٹ  نمبر 157)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
 
Press Release Date: 
Monday, April 17, 2023