کچے کے علاقے میں آپریشن

Apr 11, 2023

ضلع رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور اغوا کاروں کے خلاف پنجاب پولیس کا آپریشن جاری ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ آپریشن کے بعد پولیس چوکیوں پر اپنا کنٹرول بحال کرنے میں کامیاب رہی۔ دریائے سندھ کے اطراف کچے کے علاقے جرائم پیشہ عناصر کی پرانی آماجگاہیں ہیں اور اس علاقے میں چھپے ڈاکوؤں کی کارروائیوںسے نہ صرف علاقہ مکین خوف وہراس میں مبتلا رہتے ہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر کی کارروائیاں دور دراز کے علاقوں تک پھیل چکی ہیں؛ چنانچہ ان علاقوں میں قانون کی حکمرانی بحال کرنے کیلئے ایک جامع کارروائی کی اشد ضرورت تھی۔ لیکن ایسی کارروائیاں ہر چند سال بعد تواتر سے ہوتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 2006ء سے اب تک کچے کے علاقے میں چھ بڑے آپریشن ہو چکے ہیں۔ 2016ء میں اس علاقے میں چھوٹو گینگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی جس کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ یہ علاقہ دوبارہ جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ نہیں بنے گا لیکن علاقے میں کنٹرول زیادہ دیر تک برقرار نہیں رکھا جا سکا۔ اس سلسلے میں پولیس کی نفری اور وسائل کی کمی کی شکایت کی جاتی ہے۔ لازم ہے کہ حکومت اور پولیس حکام ماضی میں ہونیوالے آپریشنز کی خامیوں کا ادراک کریں اور اس علاقے میں مستقل بنیادوں پر امن و امان کے قیام کی حکمت عملی وضع کریں۔

(روز نامہ دنیا)

************