پولیس فورس میں شامل خواتین کے والدین کو سلام: آئی جی

Apr 07, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ خواتین افسران واہلکار پولیس فورس کا انتہائی اہم حصہ ہیں جنہیں بہترین تربیتی ماحول میں پولیسنگ کی جدید مہارتیں بشمول آئی ٹی سکلز، ویپن ہینڈلنگ، اینٹی رائٹ،ٹریفک قوانین اورکمیونٹی پولیسنگ سکھا کر مضبوط پروفیشنل آفیسر بنانا محکمہ کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ٹریننگ کالج لاہور میں اس وقت2ہزار کے قریب لیڈی افسران زیر تربیت ہیں جو اپنی تربیت مکمل کرکے اگلے چند مہینوں میں صوبے کے تمام اضلاع میں مختلف پوزیشنز پر اپنی خدمات سر انجام دیں گی۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ زیر تربیت لیڈی افسران کو تھانوں، خدمت مراکز، تحفظ سنٹرز، سیف سٹی سمیت دیگر پراجیکٹس کے دورے کروائے جائیں تاکہ وہ اکیڈمک لیکچرز کے ساتھ ساتھ فیلڈ کے چیلنجز سے خود کو بہتر طور پر ہم آہنگ کر سکیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تمام انسٹرکٹرز بہترین پیشہ ورانہ قانونی، علمی اور عملی تربیت سے خواتین افسران کو جذبہ خدمت اور فرض شناسی سے لبریزکر دیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ جن والدین نے اپنی بیٹیوں کو پولیس فورس کا حصہ بنایا، میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ ان بیٹیوں نے مستقبل میں ظالموں و سماج دشمن عناصر کے آگے دیوار بن کر مظلوموں کے دست و بازو بننا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا ہے، زیر تربیت لیڈی افسران آئی ٹی مہارتیں سیکھنے پر بطور خاص توجہ دیں اور انسٹرکٹرز ان افسران کو ویسے ہی گروم کریں جیسے اے ایس پیز کو تربیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان پولیس سروس کے سینئر افسران روزانہ کی بنیاد پر لیڈی افسران کو لیکچر دیں گے۔

غیر نصابی سرگرمیوں کیلئے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئی ٹی کورسز میں پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والی افسران کو ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں پولیس دربار میں زیر تربیت لیڈی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈنٹ چوہنگ کالج عثمان اکرم گوندل نے آئی جی پنجاب لیڈی ریکروٹ کورس اور کالج کی دیگر تربیتی سرگرمیوں بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت چوہنگ کالج میں صوبے کے 35اضلاع اورپنجاب ہائی وے پٹرول کی 1679لیڈی افسران زیر تربیت ہیں جنہیں تین سیمسٹرز اور 39ہفتے دورانئے پر مشتمل جدیدپیشہ ورانہ تربیتی کورس کروایا جا رہا ہے۔ ان لیڈی افسران کو دوران تربیت تعزیرات پاکستان، ضابطہ فوجداری، لوکل اینڈ سپیشل لاء، پولیس آرڈر، قانون شہادت پرسنل گرومنگ، دہشت گردوں کے خلاف ایکشن، ٹریفک قوانین سے آگاہی، اینٹی رائٹ اور مدد و توجہ کے مستحق محکوم طبقوں کی سہولت و راہنمائی کیلئے کمیونٹی پولیسنگ کے مضامین پڑھائے جارہے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی سلطان احمد چوہدری نے انویسٹی گیشن برانچ کے پیشہ ورانہ امور بارے بریفنگ دی۔

(روز نامہ نئ بات)

***********