خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی، بیرون ملک سے مزید 10 اشتہاری گرفتار۔
پولیس ٹیموں نے اشتہاریوں کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مسقط اوریونان سے گرفتار کیا ہے۔
رواں برس قتل، اقدام قتل، اغواء برائے تاوان اور اجرتی قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث 28 اشتہاری بیرون ممالک سے گرفتار کیے۔
انٹر پول اور ایف آئی اے کے تعاون سے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کو مزید تیز کیا جائے۔
بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخی کے ساتھ ساتھ انٹر پول کے ریڈ نوٹس جاری کروائے جائیں۔
پنجاب پولیس پنجاب نے بیرون ملک مقیم مفرور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی آئی ہے اور پولیس ٹیموں نے ڈکیتی،قتل، اغواء برائے تاوان، اجرتی قتل سمیت دیگر سنگین وارداتوں کا ارتکاب کرکے بیرون ملک فرار ہونے والے مزید 10 اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا ہے جنہیں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مسقط اور یونان سے گرفتار کیا گیاہے۔ 24جنوری سے شروع ہونے والے کریک ڈاؤن کے دوران پولیس ٹیمیں اب تک ڈکیتی، قتل، اقدام قتل، اغواء برائے تاوان اور اجرتی قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث 28 اشتہاری بیرون ملک سے گرفتار کر چکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نارووال پولیس کو مطلوب تین اشتہاریو ں عاکف حمید کو دبئی، ظہیر کو مسقط جبکہ یاسر کو یونان سے گرفتار کیا گیا۔ ڈیرہ غازی خان پولیس کو مطلوب تین اشتہاریوں غلام فرید، محمد اصغر کو متحدہ عرب امارات جبکہ ظفر اقبال کو سعودی عرب سے گرفتار کیاگیا۔ ملتان پولیس کو مطلوب دو اشتہاریوں محمد مجاہد کو سعودی عرب جبکہ محمد وسیم کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا اسی طرح سیالکوٹ پولیس کے اشتہاری طیب علی اور اٹک پولیس کے اشتہاری عبادت کو متحدہ عرب امارات سے گرفتارکیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کو گرفتار کرنے والی تمام پولیس ٹیموں کو شاباش دی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب سلطان احمد چوہدری نے کہاکہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس انٹر پول اور ایف آئی اے کے تعاون سے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کو مزید تیز کیا گیا ہے، بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخی کے ساتھ ساتھ انٹر پول کے ریڈ نوٹس جاری کروائے جارہے ہیں تاکہ انہیں جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب سلطان احمد چوہدری نے کہاکہ تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں مقدمات کے مدعیوں کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور اندرون و بیرون ملک اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے جاری گرینڈ آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے جاری کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کررہے ہیں اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اشتہاری ملزمان سے متعلقہ کیسز کو انویسٹی گیشن پنجاب ہیڈ کوارٹرز میں مانیٹرنگ ٹیمیں مسلسل فالو اپ کر رہی ہیں تاکہ ان معاشرتی ناسوروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جاسکے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 136)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
Press Release Date:
Wednesday, April 5, 2023