گوجرانوالہ پولیس اشتہاری عبدالجبار کو دبئ سے واپس لے آئی

Mar 31, 2023

 پنجاب پولیس سنگین جرائم میں ملوث اندرون وبیرون ملک مفرور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے شب و روز مصروف ِعمل ہے اور اسی سلسلے میں اشتہاریوں کی گرفتاریوںکے لیے جاری آپریشن میں سب انسپکٹر خالد وریا کی سربراہی میں سپیشل آپریشن سیل ، سی آئی اے گوجرانوالہ کی ٹیم پیشہ ور شوٹر اور بھتہ خور اشتہاری عبدالجبار کودبئی سے گرفتار کر کے پاکستان پہنچ گئی ہے ۔

ملزم گوجرانوالہ ڈویژن کے مختلف تھانوں کی پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا جو دو برس قبل اُجرتی واردات کے بعد دبئی فرار ہوگیا تھا۔یہ امر قابل ذکرہے کہ پنجاب پولیس کی ٹیمیں گذشتہ دو ماہ کے دوران امریکہ ،برطانیہ ، یورپ ، سائو تھ افریقہ ،یونان اور خلیجی ریاستوں سمیت دیگر ممالک سے 18خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لا چکی ہے ۔

آئی جی پنجاب نے سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم اورخطر ناک اشتہاری کو گرفتار کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ انٹر پول اور ایف آئی اے کے تعاون سے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے تعاقب کو مزید تیز کیا جائے۔

(روز نامہ 92)

***************