پولیس کے 2 ہزار افسرو اہلکاروں کی اگلے گریڈ میں تر قی

Mar 30, 2023

لاہور(کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش سے پنجاب پولیس میں تقریباََ 2000 افسران و اہلکاروں کی میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق اگلے عہدوں میں ترقیوں کا عمل مکمل کر لیا گیاہے۔ آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اور زیر ہدایت ہونے والے پروموشن بورڈز اجلاسوں میں 41 ڈی ایس پیز کو ایس پی، 85 انسپکٹرز کو ڈی ایس پی اور 270 سب انسپکٹرز کی انسپکٹرز اور سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدوں پر ترقی کی منظوری دے دی گئی جبکہ دیگر رینجز اور اضلاع میں کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئیز،اے ایس آئیز سے سب انسپکٹرز کے عہدوں پر 1500سے زائد ترقیوں کا عمل بھی تقریباََ مکمل ہو گیاہے اور اس حوالے سے ترقیوں کے نوٹیفییکیشنز بھی مرحلہ وار جاری کئے جارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے 41 ڈی ایس پیز کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی اور ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ ترقی پانے والے ان افسران کو ایس پی عہدے کے رینکس لگائے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے تمام افسران واہلکاروں کو مبارک باددیتے ہوئے پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت کی ہے۔الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد پولیس فورس میں خالی آسامیوں کو محکمانہ تر قیوں کے ذریعے پر کیا جارہاہے۔

(روز نا مہ سٹی 42)

*****************