انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہاہے کہ شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ کے مقدس فریضے میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر شہداء اور سماج دشمن عناصر سے مقابلوں کے دوران زخمی و معذور ہونے والے غازی محکمے کا فخر ہیں جن کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں گولڈ و سلور میڈلز کے ذریعے عزت افزائی کی جارہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ کوئی بھی میڈل یا اعزاز ان بہادر جوانوں کے جذبہ خدمت اور بے مثال قربانیوں کے ہم پلہ نہیں ہوسکتاتاہم محکمہ اپنے بہادر سپوتوں کی عزت افزائی اور لواحقین کی بہترین ویلفیئر میں کوئی کسر نہیں اٹھا نہیں رکھے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہداء کے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے اعلی تعلیمی اداروں کے ساتھ ایم اویوز سائن کئے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ غازیوں اور حاضر سروس ملازمین کی بہترین فلاح کیلئے اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں 10شہداء کی فیملیز کو گولڈمیڈلز، 10غازیوں کو سلور میڈلز جبکہ دو شہداء کے اہل خانہ کو نئے گھروں کے کاغذات دئیے۔ راولپنڈی پولیس کے انسپکٹر عمران عباس شہید،کانسٹیبل محمد صدام حسین، ہیڈ کانسٹیبل آصف اقبال،کانسٹیبل محمد سعید،ہیڈ کانسٹیبل محمد سعید، کانسٹیبل ساجد علی،کانسٹیبل وقاص علی،کانسٹیبل معظم علی،کانسٹیبل عمیر غنی،سب انسپکٹر محمد رفیق بھٹی اور محمد عتیق کے لواحقین کو گولڈ میڈلز دئیے گئے۔
اسی طرح سماج دشمن مقابلوں سے زخمی ہونے والوں بہادر غازیوں کانسٹیبل محمد قاسم،ہیڈ کانسٹیبل عرفان محمود،سب انسپکٹر محمد امین،سب انسپکٹر محمد عاصم، اے ایس آئی کرامت علی، کانسٹیبل عابد حسین، اے ایس آئی مظفر اقبال،کانسٹیبل ظہیر حسین، کانسٹیبل ابوبکر اورکانسٹیبل احمد اقبال کوسلور میڈلز دئیے گئے۔ہیڈ کانسٹیبل محمد ایوب اور کانسٹیبل محمد افضل کے لواحقین کو شہید کوٹے کے تحت نئے گھروں کے کاغذات دئیے گئے۔
(روز نامہ جناح)
*****************
