انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے برابر ہے اسی جذبے کے تحت پنجاب پولیس نہ صرف صوبے کے تمام اضلاع میں شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے مصروف عمل ہے بلکہ سنٹرل پولیس آفس سمیت مختلف اضلاع میں 10مقامات پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں پولیس کے سینکڑوں جوانوں نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو خون کے عطیات کی فراہمی کیلئے سینکڑوں بوتلیں خون عطیہ کی ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہے لہذا تھیلیسمیا سے متاثرہ بچوں کو خون کے عطیات دینے کیلئے پنجاب پولیس ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گی۔
کیمپ میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی تھیلیسیما سے متاثرہ بچوں کیلئے خون کی بوتل عطیہ کی۔اس موقع پر اے آئی جی، ڈویلپمنٹ، حسنین حیدر، اے آئی جی ڈسپلن، احسن سیف اللہ، اے آئی جی عبادت نثار اوراے آئی جی آر اینڈ ڈی سیدعلی سمیت درجنوں جوانوں اور ملازمین نے خون کی بوتلیں عطیہ کیں۔
سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے سینئر فنکار خالد عباس ڈار نے نمائندگی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
(روز نامہ ایکسپریس)
**************
