آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پولیس ٹیمیں پتنگ بازی کے خطرناک کھیل سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے مصروف عمل۔

آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پولیس ٹیمیں پتنگ بازی کے خطرناک کھیل سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے مصروف عمل۔
فیس بک پر '' کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن '' کے نام سے فعال خفیہ گروپ کے ایڈمن اور گروپ ممبر کو گرفتار کر لیا۔
مذکورہ گروپ پتنگ بازی کے مقابلے منعقد کروانے اور دھاتی ڈور و پتنگوں کے آن لائن خریدو فروخت کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا۔
گرفتار ملزمان میں گروپ ایڈمن راجہ ارسل اور فعال ممبر کاشف شامل ہیں جبکہ دیگر ایڈمنز اور ممبران کی گرفتاری کیلئے ریڈز جاری ہیں۔  
معصوم انسانی جانوں کے دشمن خطرناک ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔ ڈاکٹر عثمان انور

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس ٹیمیں صوبہ بھر میں دھاتی و کیمیکل ڈور اورپتنگ بازی سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے شب روز مصروف عمل ہیں اور اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آن لائن پتنگ بازی کی تشہیر و خریدو فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی آپریشنز جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب کی تشکیل کردہ سپیشل پولیس ٹیم نے سائبر آپریشن کے ذریعے فیس بک پتنگ بازی کی تشہیر اور کاروبار میں ملوث خفیہ گروپ '' کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن '' کو بے نقاب کرکے ملزمان کوگرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ گروپ فیس بک کے ذریعے پتنگ بازی کے مقابلے منعقد کروانے اور دھاتی ڈور و پتنگوں کے آن لائن خریدو فروخت کے خطرناک و غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا۔ پولیس ٹیم نے اس گروپ ممبر کے ایڈمن راجہ ارسل کو راولپنڈی سے گرفتار کیا جس سے ہونے والی پوچھ گچھ اور معلومات کی روشنی میں گروپ میں فعال ایک دوسرے ممبر کاشف کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیاگیا۔ گرفتار ملزم کاشف مذکورہ گروپ میں پولیس سے متعلق توہین آمیز مواد کی تشہیر میں بھی ملوث ہے۔ گروپ کا دوسرا ایڈمن میاں بلال ایک ہفتے قبل بیرون ملک روانہ ہوا ہے جس کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے سمیت دیگر قانونی تقاضے پورے کئے جار ہے ہیں، پولیس ٹیمیں مذکورہ گروپ کے دیگر ایڈمنز اور ممبران کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر ریڈز کر رہی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کامیاب آپریشن کے ذریعے خطرناک کھیل و کاروبار میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے پر سپیشل پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں پتنگ و دھاتی ڈور کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے اور آر پی اوز، ڈی پی اوز اس کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ دھاتی و کیمیکل ڈور،پتنگوں کے آن لائن بزنس اور تشہیر میں ملوث سماج دشمن عناصر کو بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے ان بھیڑیوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور قرار واقعی سزائیں دلوانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ دھاتی و کیمیکل ڈور اور پتنگوں کے آن لائن بزنس، تشہیر اور مقابلوں کاانتظام و انصرام کرنے والے یہ لوگ نہ صرف انسانیت کے دشمن ہیں بلکہ قانون اور اداروں کے کھلواڑ کرنے وہ ملزمان ہیں جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 104)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************

 

 

Press Release Date: 
Friday, March 10, 2023