آئی جی پنجاب نے زمان پارک میں پولیس اورسیاسی جماعت کے کارکنوں میں تصاد م کی انکوائری کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی
ڈی آئی جی صادق علی ڈوگر اور ایس ایس پی عمران کشورپر مبنی دو رکنی کمیٹی نے انکوائری کا آغاز کر دیا۔
تصادم کے اس واقعہ کی انکوائری میں میرٹ اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ صادق ڈوگر
کمیٹی دستیاب شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور حقائق کا باریک بینی سے جائزہ لے گی، عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کئے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے واقعہ کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے کر تین روز کے اندررپورٹ جمع کرانے کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آٹھ مارچ کو زمان پارک میں پولیس ٹیم اورسیاسی جماعت کے ورکرز کے مابین تصادم کے واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کیلئے ”فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی“ تشکیل دے دی ہے۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پنجاب نے دورکنی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ ڈی آئی جی ایلیٹ فورس صادق علی ڈوگر اور ایس ایس پی آئی اے بی، کیپیٹل سٹی پولیس لاہور،عمران کشور پر مشتمل دو رکنی کمیٹی واقعہ کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے کر تین روز کے اندر رپورٹ جمع کروائے گی۔
آئی جی پنجاب کی ہدایت پر تشکیل کردہ مذکورہ کمیٹی نے تمام پہلوؤں سے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، انکوائری کمیٹی وقوعہ کے روز پیش آنے والے تمام حالات جس میں سیاسی ورکرز کا اکٹھا ہونا، پولیس کے ساتھ تصادم کی اصل وجوہات، تصادم کے آغاز اور اختتام کا وقت سمیت دیگر واقعات و حقائق کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ انکوائری کمیٹی واقعہ کی دستیاب تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز، موبائل ریکارڈنز،سیف سٹی کیمروں کے شواہد اور دیگر ویڈیوز اور تصویری مواد کے ذریعے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد اور پولیس ملازمین کے حوالے سے بھی تفصیلاً دیکھے گی جبکہ سیاسی جماعت کے کارکن بلال علی کی ہلاکت کے واقعہ کی تمام پہلوؤں سے جانچ کرے گی اور اس حوالے سے واقعہ کے عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کئے جائیں گے۔