آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور اُخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے سنٹرل پولیس آفس میں ایم او یو پر دستخط کئے۔
اُخوت ٹرانسجینڈرز کمیونٹی کی مدد کیلئے پنجاب پولیس کے '' تحفظ سنٹرز'' کی ورکنگ میں سپورٹ فراہم کرے گی۔
اُخوت کی ٹیمیں ''تحفظ سنٹرز '' میں تعینات پولیس سٹاف کو ٹرانسجینڈرز کو خدمات کی فراہمی بارے خصوصی تربیتی کورسز کروائیں گی۔
اُخوت گریڈ7تک پولیس ملازمین کوایک لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کرے گی۔
پولیس شہداء کے بچوں کواُخوت فاؤنڈیشن کا اپنے تعلیمی اداروں میں 6 ماہ کے کمپیوٹر کورسز کروانے کا بھی اعلان
اُخوت نے ٹرانسجینڈر، بے سہارا، بے گھر اور ذہنی معذوری کے شکار بچوں کی مدد اور تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات کوسراہا۔
پنجاب پولیس ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی مدد،انکے سماجی تحفظ کے ساتھ ساتھ بے گھر اور ذہنی و جسمانی معذور بچوں اور سپیشل افراد کی مددو بحالی کیلئے سرگرم عمل ہے اوراس سلسلے میں صوبے کے تمام ریجنل و ضلعی پولیس دفاتر میں ”تحفظ سنٹرز“ فعال ہورہے ہیں۔ اسی حوالے سے جاری اقدامات کے سلسلے میں پنجاب پولیس اور سماجی تنظیم اُخوت کے مابین ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی مدد اور تحفظ کیلئے مشترکہ اقدامات کیلئے ایم او یو سائن ہوگیا ہے جس کے تحت ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے ہونے والے اقدامات میں دونوں ادارے ایک دوسرے کو مکمل سپورٹ کریں گے جبکہ بے گھر، بے سہارا اور ذہنی و جسمانی معذوری کے شکار بچوں اور سپیشل افرادکی مشکلات میں ازالے کیلئے بھی مشترکہ اقدامات کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر امجد ثاقب کی قیادت میں اُخوت فاؤنڈیشن کے سینئر عہدیداروں پر مشتمل وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کے دوران اُخوت اور پنجاب پولیس نے ایم او یو سائن کیا۔ ایم او یو کے تحت ٹرانسجینڈرز کمیونٹی کی مدد کیلئے پنجاب پولیس کے فعال کئے گئے'' تحفظ سنٹرز'' کی ورکنگ میں اخوت مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔اُخوت کی ٹیمیں ''تحفظ سنٹرز '' میں تعینات پولیس سٹاف کو ٹرانسجینڈرز کو خدمات کی فراہمی بارے خصوصی تربیتی کورسز کروائیں گی۔ اخوت خواجہ سرا سپورٹ پروگرام کی ٹیمیں پنجاب پولیس کو ٹرانسجینڈرز کے مسائل سے متعلق ڈیٹا اور دیگر تفصیلات فراہم کریں گی تاکہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو سماجی مسائل اور مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جاسکے۔ ایم او یو کے تحت اخوت اور پنجاب پولیس مل کر خواجہ سرا کمیونٹی کے میڈیکو لیگل کیسز اور طبی سہولیات کی فراہمی میں مشترکہ اقدامات کریں گے جبکہ پنجاب پولیس کی ٹیمیں فاؤنٹین ہاؤس میں اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے خواجہ سرا کمیونٹی کیلئے منعقدہ ماہانہ و دیگر پروگرامز میں کھلی کچہری لگائیں گی جن میں خواجہ سرا اپنی کمیونٹی کو درپیش مسائل بارے سینئر پولیس افسران کو درخواستیں دے کر فوری ریلیف حاصل کر سکیں گے۔ دوران ملاقات پولیس ملازمین کو اُخوت کی جانب سے ایک لاکھ روپے تک بلاسود قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ گریڈ 7 تک کے پولیس ملازمین بائیک اور لیپ ٹاپ جیسی ضروری اشیاء کی خریداری کیلئے اخوت سے قرضے حاصل کرسکیں گے۔ اُخوت فاؤنڈیشن کا پولیس شہداء کے بچوں کو اپنے تعلیمی اداروں میں 6 ماہ کے کمپیوٹر کورسز کروانے کا بھی اعلان کیا۔
آئی جی پنجاب نے ”تحفظ سنٹرز“ کی ورکنگ میں سپورٹ فراہم کرنے پر اُخوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دونوں اداروں کے اشتراک سے ہونے والی کاوشیں ٹرانسجینڈر کے حقیقی معنوں میں تحفظ فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں خصوصی کوٹے پر ٹرانسجینڈر افراد کو ملازمتوں میں ترجیح دی جائے گی اور ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے افراد کو باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے ٹیوٹا سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں۔ ڈاکٹر امجدثاقب نے ٹرانسجینڈر، بے سہارا، بے گھر اور ذہنی معذوری کے شکار بچوں کی مدد اور تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات کوسراہتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس کی جانب سے معاشرے کے کمزورطبقوں اور معذور افراد کی مدد و تحفظ کیلئے ہونے والی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید، ڈی آئی جی احسن یونس، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو پنجاب پولیس کا یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فاؤنٹین ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اور ذہنی و جسمانی معذوری، ڈپریشن اور دماغی امراض کے شکار سپیشل افراد اور بچوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ آئی جی پنجاب نے فاؤنٹین ہاؤس میں سپیشل افراد کی بحالی کیلئے جاری مختلف پروگرامز اور اقدامات کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے فاؤنٹین ہاؤس میں مقیم خواجہ سراؤں سے گفتگو کرتے ہوئے انکے مسائل بارے دریافت کیا اور انہیں پولیس سے درکار سپورٹ اور تعاون کی بلا تاخیر فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فاؤنٹین ہاؤس ان سپیشل افراد کی بحالی کیلئے قابل ستائش اقدامات کر رہا ہے اور اب پنجاب پولیس بھی اپنے پلیٹ فارم سے اس کارِ خیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپیشل افراد خصوصی توجہ، نگہداشت اور علاج کے مستحق ہیں اور ہمیں آگے بڑھ کر ان خصوصی افراد کی مدد میں اپنا کردار بھرپور ذمہ داری سے ادا کرنا ہے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 99)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************


Press Release Date:
Tuesday, March 7, 2023