سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا ) سیالکوٹ پولیس نے 5 افراد کے قتل میں ملوث 2 اشتہاری ملزموں کو انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک سے گرفتارکر لیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈی پی او سیالکوٹ سید ذیشان رضا کی سربراہی میں اشتہاری ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے اندرون و بیرون ملک کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ڈی ایس پی لیگل محمد شہباز، سب انسپکٹر محمد نصیر انچارج ایکسٹرایڈیشن اور تھانہ صدر ڈسکہ پولیس ٹیم نے اشتہاری مجرم جنید صفدر سکنہ ٹھکرا مہے کو بذریعہ انٹرپول گرفتار کر لیا۔ ملزم نے سابق دشمنی کی وجہ سے 16 سال قبل 2006 میں اپنے ساتھیوں سے ملکر 4 افراد نصیر احمد، شہباز خان، محمد بشیر اور حسنین کو بذریعہ فائرنگ قتل کر دیا اور بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ ملزم کو ریڈ نوٹس جاری کروا کر سائوتھ افریقہ سے ڈی پورٹ کروا کر اسلام آباد ائیر پورٹ سے گرفتار کر لیا ۔ علاوہ ازیں 2018 میں تھانہ کینٹ کے علاقہ مہندروال کے قریب مجرم اشتہاری عمر شہزاد سکنہ ہرپال نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر دشمنی کی بنا پر ذوالقرنین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور د بئی فرار ہو گیا تھا۔ تھانہ کینٹ پولیس نے بذریعہ ریڈ وارنٹ انٹر پول کی مدد سے ملزم کو د بئی سے ڈی پورٹ کروا کر سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا ۔
