لاہور(نمائندہ خصوصی)محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے پانچ افسران کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں الوداعی تقریب سجائی گئی جس میں آئی جی پنجاب نے ریٹائرڈ افسران کی محکمہ پولیس کیلئے پیشہ ورانہ خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ ریٹائرڈ ہونے والے افسران میں ایس پی رانا شاہد حسین، ڈی ایس پیز ذوالفقار علی بٹ، حمیرا تبسم، کوثر پروین اور محمد نعیم ورک شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں اپنی پیشہ ورانہ سروس مکمل کی ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پانچوں افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام افسران نے پیشہ ورانہ کیرئیر کے دوران تفویض ہونے والی ہر ذمہ داری کو احسن انداز سے نبھایا اور آپ جیسے فرض شناس اور قابل افسران ریٹائرمنٹ کے بعد بھی محکمہ پولیس کیلئے قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ فورس سے ریٹائرہونے والے تمام افسران واہلکاروں کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، کوئی بھی افسر یا اہلکار درپیش کسی بھی مسئلے کے حوالے سے جب مرضی مجھ سے ملاقات کیلئے آسکتا ہے ۔ ریٹائرد ہونے والے افسران نے الوداعی تقریب منعقد کرنے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے پانچوں افسران ایس پی رانا شاہد حسین، ڈی ایس پیز ذوالفقار علی بٹ، حمیرا تبسم، کوثر پروین اور محمد نعیم ورک کو پنجاب پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔
(روز نامہ نوائے وقت)
************