آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس ملازمین کے ذہنی و جسمانی معذور بچوں کی بحالی کیلئے اہم اقدام
چلڈرن ہسپتال،رائزنگ سن انسٹیٹیوٹ،فل سرکل انسٹیٹیوٹ اور حمزہ فاؤنڈیشن کے ساتھ ایم او یوز سائن۔
پنجاب پولیس اور دیگر ادارے مل کر پولیس ملازمین کے سپیشل و معذوربچوں کی بحالی کیلئے اقدامات کریں گے۔ آئی جی پنجاب
ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید دیگر اداروں کے ساتھ کوارڈی نیشن کیلئے فوکل پرسن مقرر۔
آئی جی پنجاب کی ڈیف افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کی منظوری کیلئے متعلقہ اداروں کو لیٹر لکھنے کی ہدایت
چلڈرن ہسپتال پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کو بہترین علاج اور انکی ہینڈلنگ کیلئے ٹریننگ مہیا کرے گا۔ پروفیسر مسعود صادق
آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین کو سائن لینگوئج سکھانے کیلئے حمزہ فاؤنڈیشن کو دو ہفتے کا خصوصی تربیتی کورس بنانے کی ہدایت
آئی جی پنجاب کا سپیشل و معذور بچوں کی بحالی سے متعلق حکومت سے منظوری کیلئے تفصیلی سفارشات تیار کرنے کا حکم۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے قوت سماعت اور گویائی سمیت دیگر ذہنی و جسمانی بیماریوں سے متاثرہ بچوں کوجدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے " Initiative for Differently Abled Children" کے نام سے خصوصی کاوش کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت علاج، مدد اور توجہ کے مستحق والدین کے ان جگر گوشوں کی بحالی اور مشکلات کے ازالے کیلئے محکمہ کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ مختلف عارضوں کے شکار یہ بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں اور اس عمل میں محکمہ پولیس اپنے ملازمین کو سہولت اور تعاون کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔ ڈاکٹر عثمان انو ر نے ذہنی و جسمانی معذور بچوں کی بحالی اور مدد کیلئے پنجاب پولیس کی جانب سے چلڈرن ہسپتال لاہور،رائزنگ سن انسٹیٹیوٹ،فل سرکل انسٹیٹیوٹ اور حمزہ فاؤنڈیشن کے ساتھ ایم او یوز سائن کئے جن کے تحت پنجاب پولیس اور چاروں ادارے مل کر پولیس ملازمین کے سپیشل و معذوربچوں کی بحالی کیلئے مشترکہ اقدامات کریں گے۔اِس موقع پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید کو دیگر اداروں کے ساتھ کوارڈی نیشن کیلئے فوکل پرسن مقرر کردیا۔ انہوں نے پولیس ملازمین کوبیسک سائن لینگوئج سکھانے کیلئے حمزہ فاؤنڈیشن کو دو ہفتے کا خصوصی تربیتی کورس تیار کرنے کی ہدایت کی جس کا آغاز رواں جمعہ سے کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کی منظوری کیلئے متعلقہ اداروں کو لیٹر لکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہاکہ متعلقہ اداروں اورمیڈیکل بورڈز کی منظوری کے بعد جو بہرے افراد ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے معیار پر پورا اترتے ہیں انہیں ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپیشل و معذور بچوں کی بحالی کیلئے جن سرکاری اداروں یا حکومت پنجاب سے تعاون درکار ہے تو اس حوالے سے باہمی مشاورت سے تفصیلی سفارشات تیار کی جائیں تاکہ حکومت پنجاب یا سرکاری اداروں کی منظوری سے سپیشل بچوں و افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین کے سپیشل و معذور بچوں کی فلاح کیلئے منعقدہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چلڈرن ہسپتال سے پروفیسر مسعود صادق نے آئی جی پنجاب کے خصوصی اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ چلڈرن ہسپتال پولیس ملازمین کے ایسے بچے جو کسی بھی قسم کی ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار ہیں کوبہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے حاضر ہے،چلڈرن ہسپتال اپنے اسٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر میں دستیاب آلات اور سہولیات کو سپیشل بچوں کیلئے بھی بلا امتیاز موجودہیں اورہمارا سٹاف نہ صرف سپیشل بچوں کے والدین ہینڈلرز کو انکی دیکھ بھال کیلئے خصوصی ٹریننگ مہیا کرنے کیلئے بھی تیار ہے بلکہ ایسے بچوں کی بحالی و بہبود کیلئے ہونے والی ریسرچ میں بھی اپنا حصہ ڈالے گا۔ رائزنگ سن انسٹیٹیوٹ سے نبیلہ چوہدری نے کہاکہ انکے ادارے نے پولیس ملازمین کے بچوں کی ہیلتھ سکریننگ کیلئے لاہور میں کیمپ کا انعقاد کیا ہے ایسے کیمپس کا انعقاد باقاعدگی سے دیگر اضلاع میں بھی کیا جائے گااور مختلف اضلاع میں رائزنگ سن انسٹیٹیوٹ کے دفاتر اور وسائل کوان سپیشل بچوں کی بحالی کیلئے تصرف میں لایا جائے گا۔ حمزہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈاکٹر بشری اعجاز نے بہرے بچوں اور نوجوانوں کے علاج کیلئے جاری اپنے ادارے کا تعاون پیش کرتے ہوئے کہاکہ حمزہ فاؤنڈیشن پولیس ملازمین کو سائن لینگوئج سکھانے کیلئے خصوصی کورس ترتیب دے گا تاکہ پولیس دفاتر میں آنے والے قوت گویائی سے محروم شہری جو اشاروں سے بات کرتے ہیں کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بناسکیں۔ انہوں نے بہرے نوجوانوں کیلئے ٹریفک لائسنس کے اجراء کی اجازت کا معاملہ آئی جی پنجاب کے نوٹس میں دیا جس پر آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ جن متعلقہ سرکاری اداروں کی اس حوالے سے اجازت درکار ہے انہیں فوری خط لکھا جائے تاکہ اس بارے حتمی اجازت لی جاسکے۔ ڈاکٹر بشری اعجاز نے کہاکہ بہرے نوجوانوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء آئی جی پنجاب کا تاریخی اقدام ہوگا۔ فل سرکل انسٹیٹیوٹ سے سارہ احمد نے درخواست کی کہ تمام پارکوں میں سپیشل بچوں کو فری داخلہ کی اجازت دی جائے جن پر آئی جی پنجاب نے کہاکہ نگران وزیر اعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کے نوٹس میں لاکر اس حوالے سے ہدایات جاری کروادی جائیں گی۔ سارہ احمد نے کہاکہ سپیشل و معذوربچوں کی بحالی کیلئے آئی جی پنجاب کی مخلصانہ کاوشیں لائق تحسین ہیں جس سے بچوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام ادارے مل کر کام کریں تبھی اس مقصد کیلئے ہونے والے کوششیں رنگ لائیں گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی عمارہ اطہر، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، ایس ایس پی ایڈمن لاہور عاطف نذیر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 98)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************


Press Release Date:
Monday, March 6, 2023