پولیس کے 4 شہداء کے لواحقین میں نئے گھروں کی دستاویزات تقسیم

Feb 27, 2023

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس شہداء اور غازیوں کے خاندانوں کی ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہے اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں اتوار کے روز چار شہداء کے لواحقین کو نئے گھروں کی مالکانہ دستاویزات حوالے کیں۔ تقریب میں اے ایس آئی محمد ابو بکر، کانسٹیبلان خالد، عباد علی اور سید عادل حسین کے لواحقین کو گھروں کے کاغذات دئیے گئے۔ تمام شہداء کے لواحقین کو انکی مرضی کے پسند کردہ گھر خرید کر ملکیتی لیٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔ ان چار شہداء نے گذشتہ برسوں میں لاہور اور شیخوپورہ میں مختلف مقامات پر فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے ایس ایس پی ایڈمن لاہور عاطف نذیر کو شہید کانسٹیبل خالد کے بیٹے کو شہید کوٹے پر فوری محکمہ میں ملازمت دینے کا حکم دیا جبکہ آئی جی پنجاب کے حکم پر لاہور پولیس شہید کانسٹیبل سید عادل حسین کی بیوہ کو پہلے ہی محکمہ میں جونیئر کلرک بھرتی کر چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں چار پولیس شہداء کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے شہداء قوم کے ہیروز اور محکمہ کا فخر ہیں جن کی قربانیاں ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں۔ شہداء اور بہادر غازیوں کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور زندگی کے کسی موقع پر انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت یونٹ سربراہان بھی شہداء ، غازیوں اور دوران سروس انتقال کرنے والوں کے ورثاء کو ہر ممکن سہولیات کی فراہم کریں۔ صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے تمام شہداء کی قبروں کو پولیس فلیگ کا رنگ دینے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جو انہیں عزت و تکریم اور احترام سے نوازنے کا ایک منفرد اقدام ہے۔ شہداء سمیت پولیس ملازمین کے بچوں کو بہترین معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ ایم او یو کئے گئے ہیں جس کے تحت شہداء کے بچے سکول اور کالجوں میں فری ایجوکیشن حاصل کر سکتے ہیں۔

(روز نامہ نوائے وقت)

************