تمام ڈی ایس پیز‘ایس ایچ اوزشہریوں کو ریلیف فراہم کریں : آئی جی

Feb 26, 2023

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ تھانے اور سرکل کی سطح پر شہریوں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح اور فیلڈ افسران کا بنیادی فرض ہے، لہذا تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز اپنے فرائض بھرپور، محنت اور خلوص نیت کیساتھ ادا کریں اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی میں کوئی کمی باقی نہ چھوڑیں۔ ڈی ایس پیز اور انسپکٹرز سے کانسٹیبل تک پوری فورس میں افسران کے ساتھ رابطے کے فقدان کو ختم کیا جائے کیونکہ افسروں اور ماتحتوں کے درمیان قریبی رابطہ سے ہی بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ جب افسران اور ماتحت ایک دوسرے سے قریبی رابطے میں ہوںگے تو نہ صرف جرائم پیشہ افراد کے خلاف بروقت کاروائیاں ہوں گی بلکہ شہریوں کے مسائل کے فوری حل کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ تمام فیلڈ افسران معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنے کیساتھ ساتھ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور خدمت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں، ڈی ایس پیز، انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز کی حوصلہ افزائی اور بروقت پروموشن و ویلفیئر کے اقدامات میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائیگی۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کیساتھ ملاقات کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں پولیس شہدا کی قبروں کو پولیس فلیگ کا رنگ دینے کے کام کا آغاز جلد از جلد کیا جائے ۔صوبہ بھر میں جرائم کی روک تھام اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے ہارڈ کور پولیسنگ کی جائے۔ شہریوں کی املاک پرناجائز قبضے کرنے والے جرائم پیشہ افراد و مافیاز معاشرے کے ناسور ہیں جنکے قلع قمع اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کیلئے ان کیخلاف بلاتفریق کاروائیاں کی جائیں اور ان کاروائیوں کی تفصیلی رپورٹس متعلقہ ڈی پی اوز کے ذریعے سنٹرل پولیس آفس باقاعدگی کیساتھ بھجوائی جائیں۔

(روز نامہ نوائے وقت)

*************