آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی فوری مدداورسہولت کیلئے پنجاب بھر میں ”تحفظ سنٹرز“ بنانے کا فیصلہ
تمام اضلاع میں ”تحفظ“ سنٹرز ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے مسائل کے ازالے کیلئے اقدامات یقینی بنائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور
یہ سنٹرز سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے تعاون سے ٹرانسجینڈرکمیونٹی کو مدد، تحفظ اور راہنمائی فراہم کریں گے۔ آئی جی پنجاب
پولیس دفاتر میں خصوصی کوٹے پر ٹرانسجینڈر کو ملازمتوں میں ترجیح دی جائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور
ڈی آئی جی آئی ٹی صوبہ بھر میں تحفظ سنٹر زکے قیام اور فعال بنانے کے لیے پراجیکٹ ہیڈ کے طور پر کام کریں گے۔ آئی جی پنجاب
پنجاب پولیس کے زیراہتمام سنٹرل پولیس آفس میں ”ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ“ کے عنوان سے ایک مذاکراتی نشست کا انعقاد کیا گیاجس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس ٹرانسجینڈرکمیونٹی سمیت معاشرے کے تمام کمزور اور محکوم طبقوں کے حقوق کے تحفظ اور مشکلات کے ازالے کیلئے سرگرم عمل اور کوشاں ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہمارا مذہب، قانون اور اخلاقیات ہمیں کمزور طبقوں کے حقوق کے تحفظ کا درس اور پیغام دیتا ہے اور پنجاب پولیس اس ضمن میں ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو درپیش مسائل کے ازالے اور انہیں ہر ممکن مدد و سہولت فراہم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے افراد کو قانونی و سماجی تحفظ کی فراہمی کیلئے ”تحفظ سنٹرز“ قائم کئے جارہے ہیں اور ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس صوبہ بھر میں تحفظ سنٹرزکے قیام اور انہیں فعال بنانے کے لیے پراجیکٹ ہیڈ کے طور پر کام کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ان تحفظ سنٹرز میں ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے افراد کو اپنے تمام مسائل کے حوالے سے قانونی مدد،سماجی تحفظ اور مکمل آگاہی و راہنمائی فراہم کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے افراد کی عزتِ نفس کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور انہیں معاشرے کا کا ر آمدو ہنر مند شہری بنانے اور کیلئے ٹیوٹا، لیبر ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر نجی اداروں کے ساتھ کوارڈی نیشن بہتر بنائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے افراد خصوصی توجہ اور برتاؤکے مستحق ہیں تاکہ انکے اندر پائی جانے والے احساس ِمحرومی اور خوف کو ہر ممکن حد تک ختم کیا جاسکے۔ ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ پولیس دفاتر میں خصوصی کوٹے پر ٹرانسجینڈرز کو ملازمتوں میں ترجیح دی جائے گی جبکہ ٹرانسجینڈر افراد کا معاشی استحصال، باہمی خریدو فروخت،سماجی مشکلات سمیت دیگر مسائل کے ازالہ کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس تحفظ سنٹرزکے قیام کے لیے کوئی اضافی وسائل درکار نہیں بلکہ یہ پہلے سے موجود دفاتر میں ہی فعال کئے جائیں گے اوران سنٹرز میں ٹرانسجینڈر کمیونٹی کیلئے کام کرنے والے اداروں اوراین جی اوز کے ساتھ ورکنگ کیلئے باہمی نیٹ ورک تشکیل دیا جائے گا۔ مذاکراتی نشست میں ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے اداروں،سول سوسائٹی ورکرزاور ٹرانسجینڈر افراد نے شرکت کرکے اظہار خیال بھی کیا۔
تقریب میں پروفیسر آف سائیکالوجی سعد ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے افراد کو سب سے پہلے اپنے گھر میں صنفی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب والدین کو اپنے بچے کی جنس بارے پتہ چلتا ہے تو وہ اسے اپنے اوپر بوجھ سمجھتے ہوئے بے یارو مددگار چھوڑ دیتے ہیں اور یہ رویہ ان بچوں کے سائیکالوجیکل مرڈر کا باعث بنتا ہے جس سے وہ احساس محرومی اور مصیبتوں کی دلدل میں دھنستا چلا جاتا ہے ایسے افراد کو خصوصی مدد اور توجہ کے مستحق ہیں اور پنجاب پولیس کا یہ پروگرام ٹرانسجینڈر کمیونٹی کیلئے خصوصی مدد و سہولت کا باعث بنے گا۔ تقریب میں فاؤنٹین ہاؤ س اور اخوت فاؤنڈیشن سے ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر عائشہ اورمشعل شا ہ نے شرکت کی اور ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی بہتری کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹرانسجینڈر ساری عمر احساس کمتری اور خوف کا شکار رہتے ہیں جسے دور کرنے کیلئے انہیں سائیکالوجیکل گائیڈ لائن کی ضرورت رہتی ہے اور ان کے ادارے اس سلسلے میں وکٹم سپورٹ افسران کی ٹریننگ میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ تقریب میں داؤد عبداللہ، زینی چوہدری،ٹرانسجینڈر ریم شریف اور ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر عبدالفاروق نے بھی شرکت کرکے اظہار خیال کیا۔ اے ایس پی شہر بانو نے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی مدد کیلئے پنجاب پولیس کے تشکیل کردہ پروگرام بارے بریفنگ دی جبکہ ڈی آئی جی احسن یونس نے راولپنڈی میں قائم پنجاب پولیس کے پہلے تحفظ سنٹر کے قیام اور ورکنگ بارے گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے خواتین پولیس اسٹیشن کے اندر ٹرانسجینڈر کمیونٹی کیلئے تین برس قبل ”تحفظ“ سنٹر کا آغاز کیا گیا تھا اور اب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر اس پراجیکٹ کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع میں پھیلایا جائے گا تاکہ اس کمیونٹی سے وابستہ افراد کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ تقریب میں سول سوسائٹی شخصیات،سماجی تنظیموں، ٹرانسجینڈر رائٹس ورکرز سمیت دیگر مقررین نے اپنی تجاویز پیش کیں۔آئی جی پنجاب نے تمام مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی مدد و سہولت کیلئے مختلف اداروں کے ساتھ مستقبل میں ایم او یو سائن کئے جائیں گے اور ترجیحی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 82)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************

