پی ایچ پی پوسٹ بھاگو ڈیال شیخوپورہ کی ٹیم نے 69لاکھ سے زائد رقم چوری کرنے والا چور گرفتار کر لیا۔
دوران تفتیش معلوم ہوا کہ ملزم محمد آصف نے برآمد شدہ رقم فیصل آباد سے چوری کی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پی ایچ پی پولیس ٹیم کو دفتر مدعو کر کے ان کے جذبے کی تعریف کی اور شاباش دی۔
آئی جی پنجاب نے پانچ اہلکاروں کو 10 ہزار فی کس کیش انعام اور سی سی ون سرٹیفیکٹ سے نوازا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو ر نے کہاہے کہ دوران ڈیوٹی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی پنجاب پولیس کی احسن روایت ہے جس سے باقی فورس کو بھی اچھی کارکردگی سے انعامات حاصل کرنے کی تحریک و جذبہ ملتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کا فریضہ بھرپور محنت،فرض شناسی اور ایماندای کے ساتھ سر انجام دینے والے افسران و اہلکاروں کی مناسب حوصلہ افزائی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے فیصل آباد سے 69لاکھ سے زائد رقم چوری کرنے والے چور کو گرفتار کرنے اور رقم برآمد کرنے پر پنجاب ہائی وے پٹرول کی چوکی بھاگو ڈیال شیخوپورہ کے اہلکاروں کو شاباش دی اور کیش انعامات سے حوصلہ افزائی کی۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ پی پوسٹ بھاگو ڈیال کی ٹیم نے ناکے پر رکنے والی مشکوک گاڑی کو پوچھ گچھ کیلئے روکا، گاڑی کی تلاشی کے دوران فرنٹ سیٹ پر بیٹھے ملزم آصف علی کے پاؤں سے ایک سفید رنگ کا تھیلا برآمد ہوا جس کو کھول کر چیک کرنے پر اسکے اندر سے6934360روپے کی رقم برآمد ہوئی۔ دوران تفتیش ملزم محمد آصف نے انکشاف کیا کہ یہ رقم مجھے میرے ساتھی حماد نے فیصل آباد کی آڑھت سے چوری کر کے اپنے گھر ظفر وال پہنچانے کے لیے دی ہے۔ جس پر پی ایچ پی پولیس نے رقم کے مالک سے رابطہ کر کے واردات کی تصدیق کی اور فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی۔
آئی جی پنجاب نے چور کو پکڑنے والی پی ایچ پی پولیس ٹیم کو دفتر مدعو کر کے ان کے جذبے کی تعریف کی اور شاباش دیتے ہوئے پانچوں اہلکاروں کو 10 ہزار فی کس کیش انعام اور سی سی ون سرٹیفیکٹ سے بھی نوازا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں انچارج چوکی عاشق علی، شفٹ انچارج ظفر اقبال، احمد رضا، زاہد علی اور امتیاز علی شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پی ایچ پی ٹیم کی جانب سے فرض شناسی، ایمانداری اور بہترین کارکردگی کا عملی نمونہ دیگر پولیس والوں کے لیے روشن مثال ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران و اہلکار موجودہ حالات کے پیش نظر الرٹ ہو کر بھرپور ایمانداری کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں، دوران ڈیوٹی فرض شناسی، خدمت خلق اور ایمانداری کا مظاہرہ کرنے والوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جاتی رہے گی۔اس موقع پرایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی راؤ عبد الکریم،ایس پی ہیڈ کوارٹرز پی ایچ پی منصور قمراورایس پی،پی ایچ پی لاہور ریجن سید عمران کرامت بخاری سمیت دیگرافسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 72)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Monday, February 20, 2023