لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کے ملازمین کو بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس اور ایسپائر گروپ آف سکولز اور کالجز کے درمیان ایم او یو سائن ہوگیا ہے جس کے تحت پولیس شہداء کے بچوں کو ایسپائر گروپ کے زیر انتظام چلنے والے سکولز اور کالجز میں بالکل فری تعلیم، ایڈمیشن اور یونیفارم ملیں گے جبکہ حاضر سروس اور ریٹائر ملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن، ٹیوشن فیس اور یونیفارم خریداری پر 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پنجاب پولیس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا جبکہ ایسپائر گروپ سے سی ای او سیدہ نازش عمر نذرشاہ اورگروپ مینجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد نے ایم او یو پر دستخط کئے۔تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو بہترین سکولز اور کالجز میں معیاری تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس ملازمین اپنے محدود وسائل کی وجہ سے بچوں کو اچھے تعلیمی اداروں میں داخل نہیں کرواپاتے لہذا انہیں اس فکر سے آزاد کرنے کیلئے پنجاب پولیس اور ایسپائر گروپ کے درمیان ایم او یو اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائن ہونے والے ایم او یو بارے تمام اضلاع میں پولیس فورس کومطلع کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ملازمین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ایسپائر گروپ آف سکولز اینڈ کالجز کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کی تقریبمیں افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اور اے آئی جی فنانس حسن اسد علوی موجود تھے جبکہ صوبے کے تمام آرپی اوز اور یونٹ سربراہان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
(روز نامہ پاکستان)
***********
