آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس ملازمین کے بچوں کو اعلی تعلیم کی فراہمی کیلئے احسن اقدام
تعلیمی سکالرشپس کیلئے پنجاب پولیس اور ایسپائر گروپ آف سکولز اینڈ کالجز کے درمیان ایم او یو سائن
ایم او یو کے تحت پولیس شہداء کے بچوں کو ایسپائر گروپ کے سکولز اور کالجز میں بالکل فری تعلیم اور یونیفارم ملیں گے۔
حاضر سروس اور ریٹائر ملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن، ٹیوشن فیس اور یونیفارم خریداری پر 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔
پولیس ملازمین کے بچوں کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی پنجاب
ایسپائر گروپ پولیس شہداء کی اعلی تعلیم یافتہ بیٹیوں کو اپنے تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹے پر جاب آفر کرے گا۔ عمر نذر شاہ، ایسپائر گروپ
پنجاب پولیس کے ملازمین کو بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس اور ایسپائر گروپ آف سکولز اور کالجز کے درمیان ایم او یو سائن ہوگیا ہے جس کے تحت پولیس شہداء کے بچوں کو ایسپائر گروپ کے زیر انتظام چلنے والے سکولز اور کالجز میں بالکل فری تعلیم، ایڈمیشن اور یونیفارم ملیں گے جبکہ حاضر سروس اور ریٹائر ملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن، ٹیوشن فیس اور یونیفارم خریداری پر 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پنجاب پولیس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا جبکہ ایسپائر گروپ سے سی ای او سیدہ نازش عمر نذرشاہ اورگروپ مینجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد نے ایم او یو پر دستخط کئے۔تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو بہترین سکولز اور کالجز میں معیاری تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس ملازمین اپنے محدود وسائل کی وجہ سے بچوں کو اچھے تعلیمی اداروں میں داخل نہیں کرواپاتے لہذا انہیں اس فکر سے آزاد کرنے کیلئے پنجاب پولیس اور ایسپائر گروپ کے درمیان ایم او یو اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائن ہونے والے ایم او یو بارے تمام اضلاع میں پولیس فورس کومطلع کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ملازمین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ایسپائر گروپ آف سکولز اینڈ کالجز کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کی تقریبمیں افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایسپائر گروپ کی جانب سے عمر نذر شاہ نے پنجا ب پولیس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران و جوان اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر عوام کی خدمت اور تحفظ کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں جس کا کوئی مول نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسپائر گروپ اپنے تعلیمی اداروں میں پولیس شہداء کی بیٹیوں جنہوں نے ایم فل، بی ایڈ یا دیگر جدید ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں کو خصوصی کوٹے پر جاب بھی آفر کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کے ساتھ ایم او یو پولیس ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں ایسپائر گروپ کی جانب سے ایک کنٹری بیوشن ہے جس کے تحت شہدائے پولیس کے ساتھ ساتھ علیل پولیس ملازمین کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو ایسپائر سکولز اور کالجز میں داخلے دئیے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے بچوں کا ایسپائر سکولز اور کالجز میں داخلوں کا عمل مزید آسان بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میں پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم کیلئے ایسپائر گروپ کے تعاون اور جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہوں۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اور اے آئی جی فنانس حسن اسد علوی موجود تھے جبکہ صوبے کے تمام آرپی اوز اور یونٹ سربراہان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ ایسپائر گروپ کی جانب سے انکے سکولز اور کالجز کے سربراہان اور ریجنل ڈائریکٹرز بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ اختتام پر آئی جی پنجاب اور ایسپائر گروپ کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا جبکہ تقریب کے اختتام میں ایسپائر گروپ کی جانب سے پولیس شہداء کے اعزاز میں بنائی گئی خصوصی ڈاکومنٹری کی سکریننگ بھی کی گئی۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 68)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************
