آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی لاہور سمیت تمام اضلاع کی بارڈر ایریا کی پولیس چیک پوسٹوں کے اہلکاروں سے ملاقات
سرحدی چوکیوں پر تعینات پولیس اہلکارقوم کے وہ مجاہد ہیں جو دہشت گردوں کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب
میانوالی پولیس کے جانبازوں کا جذبہ، شجاعت اور فرض شناسی پوری فورس کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور
وعدہ کریں دہشت گرد حملوں کو پسپا کرنے کے ساتھ دہشت گردوں کو زندہ واپس نہیں جانے دیں گے۔ آئی جی پنجاب
پولیس کے تمام یونٹس مل کر خفیہ اطلاعات کے پیشگی حصول سے ٹارگٹ کے شکار کا مشن سر انجام دیں۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سرحدی چوکیوں پر تعینات افسران واہلکارقوم کے وہ مجاہد ہیں جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے ان بہادر سپوتوں کی بدولت ہم اور شہری اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں لہذا ان جانبازوں کی خدمات کا کوئی مول نہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ تھانہ مکڑ وال میانوالی پرحملہ آور دہشت گردوں کی پسپائی پنجاب پولیس ہی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے جس نے دہشت گردوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پولیس جوان اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر لمحہ سر بکف اور تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میانوالی پولیس کے جانبازوں کا جذبہ، شجاعت اور فرض شناسی پوری فورس کیلئے قابلِ تقلید مثال ہے جسے قومی و عوامی ہر جگہ پر سراہا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے سرحدی چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سے وعدہ کریں دہشت گرد حملوں کو پسپا کرنے کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں کو زندہ واپس نہیں جانے دیں گے، انہوں نے کہاکہ جتنے دہشت گردوں کے سر آپ مجھے دیں گے اتنے ہی بڑے انعامات آپ کے منتظر ہوں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ بارڈر چیک پوسٹوں پر تعینات، غیر ملکی شہریوں و حساس مقامات کی حفاظت کرنے والے افسر و جوان ہمارا فخر اور قوم کا سرمایہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، پی ایچ پی، ایس پی یو سمیت تمام یونٹس مل کر خفیہ اطلاعات کے پیشگی حصول سے ٹارگٹ کے شکار کا مشن سر انجام دیں۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ ہائی الرٹ ہوکر فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ خفیہ اطلاعات کے پیشگی حصول کا نظام مزید موثر بنایا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بارڈر چیک پوسٹوں پر جدید اسلحہ، سنائپرز، لائیٹس اور انٹرنیٹ سمیت ہر ممکن وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ اہلکار مزید بہتر ماحول میں فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں صوبے کے بارڈر چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کے دوران انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کیا۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ بارڈر چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کی خدمات کو سراہنے کیلئے آج انہیں ہیروز کے طور پر سنٹرل پولیس آفس مدعوکیا گیا ہے اور انہیں بلانے کا مقصد ورکنگ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مختلف امور کا جائزہ لینا ہے جن میں جامع انٹیلی جنس نیٹ ورک تشکیل دینا، اطلاعات کی تیز رفتار ترسیل سمیت دیگر انسدادی اقدامات کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ میں اکثر و بیشتر ٹیلی فون کال کے ذریعے بارڈر چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں سے گفتگو کرتا رہتا ہوں تاکہ ان کا عزم و حوصلہ بلند رہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی حالیہ لہر میں سرحدی اضلاع میں موجود چوکیوں اور ریورائن چیک پوسٹوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے لہذا ان چوکیوں پر تعینات افسران واہلکار پہلے سے زیادہ محنت، جوش و جذبے اور الرٹ ہو کر فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور صوبے کے ساتھ ساتھ ملک کو محفوظ رکھنے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر اوراے آئی جی آپریشنز ڈاکٹراسد اعجاز ملہی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 62)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

