آئی جی پنجاب کا ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل مزید آسان کرنے کیلئے تاریخی فیصلہ، ٹیسٹ سنٹرز کے اوقات کار میں اضافے کا حکم

آئی جی پنجاب کا ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل مزید آسان کرنے کیلئے تاریخی فیصلہ، ٹیسٹ سنٹرز کے اوقات کار میں اضافے کا حکم
 13 فروی سے راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ٹیسٹ سنٹرز ڈبل شفٹ صبح آٹھ سے رات بارہ بجے تک کام کریں گے۔
لاہور میں لبرٹی لائسنس سنٹر بھی 20 فروری سے لگا تار 24/7 شہریوں کو خدمات فراہم کرے گا۔
2022 میں بڑے شہروں میں 653106 شہریوں نے لرنرز لائسنس بنوائے جبکہ وسائل کی کمی کے باعث صرف 155404 شہری ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکے تھے۔  
دوران ڈیوٹی شہریوں سے خوشگوار رویہ اور ٹریفک کی روانی میں وارڈنز کی مہارت ہی انکی کارکردگی جانچنے کا معیار ہو گی۔ آئی جی پنجاب
تعلیمی اداروں اور دفاتر میں ٹریفک موبائل ٹیموں کے وزٹ کا ہفتہ وار شیڈول باقاعدگی سے جاری کیا جائے۔ آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی سہولت اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل مزید آسان بنانے کیلئے صوبے کے بڑے شہروں میں لائسنس ٹیسٹ سنٹرز کے اوقات کار میں اضافے کا حکم دے دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے چیف ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ پیر13فروری سے ان شہروں میں لائسنسنگ ٹیسٹ سنٹرز ڈبل شفٹ یعنی صبح آٹھ سے رات بارہ بجے تک اوپن رکھے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری آسانی کے ساتھ اپنے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں۔ آئی جی پنجاب نے لاہور میں لبرٹی ٹریفک لائسنس سنٹر کو بھی 24/7فعال کرنے کا حکم دیا جو پیر 20 فروری سے چوبیس گھنٹے شہریوں کو بلا تعطل خدمات فراہم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق 2022 میں صوبے کے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں مجموعی طور پر 653106 شہریوں نے لرنرز لائسنس بنوائے جبکہ وسائل کی کمی کے باعث صرف 155404 شہری ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکے تھے اس کمی کو دور کرنے کیلئے ڈرائیونگ ٹیسٹ سنٹرز کے اوقات کار کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈرائیونگ لائسنس اجراء کے عمل کو آسان ترین بنانے کیلئے جدید ایپ کو تیارکرکے جلد از جلد لانچ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی جانچنے کیلئے ٹریفک چالان کوٹے کی شرط ختم کردی، انہوں نے کہاکہ دوران ڈیوٹی شہریوں سے خوشگوار رویہ اور ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو یقینی بنانے میں وارڈنز کی مہارت ہی انکی کارکردگی جانچنے کا معیار ہو گی لہذا تمام ٹریفک وارڈنز اور فیلڈ ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ دفاتر میں تعینات سٹاف شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور انکی خدمت و سہولت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں اور دفاتر میں ٹریفک موبائل ٹیموں کے وزٹس کا ہفتہ وار شیڈول باقاعدگی سے جاری کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں لائسنس بنوا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک موبائل ٹیموں کے وزٹس کا مقصد شہریوں اور طلباء کو دفاتر کے باربار چکر لگانے کی زحمت سے بچانا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے یہ احکامات سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ میٹنگ میں افسران کو جاری کیں اوراس حوالے سے پنجاب پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپناخصوصی پیغام بھی جاری کیا۔
آئی جی پنجاب نے اپنے پیغا م میں کہاکہ صوبہ بھر میں شہری پولیس خدمت مراکز سے بھی اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور گمشدہ لائسنس کے اجراء کو یقینی بنا سکتے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کی ایپ کے ذریعے بھی وہ یہ سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ٹریفک وارڈنز پہلے سے زیادہ محنت، تندہی اور جذبہ خدمت کے تحت اپنے فرائض ادا کریں اور ٹریفک کی روانی کو ہر صورت برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی مددکو اپنا شعار بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے صوبے کے تمام چیف و ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ وہ خودبھی زیادہ وقت فیلڈ میں دیا کریں تا کہ اہم مقامات پر ٹریفک کی مسلسل روانی کابخوبی جائزہ لے سکیں۔انہوں نے تاکید کی لائسنس اجراء کیلئے ٹیسٹ نظام کو آسان کرتے ہوئے شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 55)

نایاب حیدر

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

Press Release Date: 
Friday, February 10, 2023