کاغذات مکمل کر کے رواں ماہ ویلفیئر کے تمام کیسز نمٹائے جائیں: آئی جی

Feb 09, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ایک فیملی کی مانند ہے اور بحیثیت سربراہ اپنے خاندان کے ہر رکن کی ویلفیئر کا مناسب خیال رکھنا میری ترجیحات میں سرِ فہرست ہے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس کے غازیوں اور دوران سروس حادثات کے باعث معذوری کا شکار ہونے والے ملازمین کی مالی مشکلات اور مسائل کے ازالے کے لیے تاریخی اقدامات کرتے ہوئے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور یونٹ سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع کے شہداء، غازیوں،حاضر سروس و ریٹائرڈ ملازمین کے ویلفیئر کیسز کو ماہ فروری میں لازمی نمٹایا جائے اور جن کیسز پر سنٹرل پولیس آفس سے فنڈز کا اجراء ہونا ہے، انکے کاغذات مکمل کرکے سفارشات سنٹرل پولیس آفس بھجوانے میں ہر گز تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کے مشن میں معذور ہونے والے جوان ہمارا فخر ہیں اور ان بہادر غازیوں، معذوروں اور بیماروں کیلئے نئے خصوصی ویلفیئر پیکج کے تحت مصنوعی اعضاء، الیکٹرک وہیل چیئر زو بیڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ڈاکٹر عثمان انورنے ہدایت کی کہ ویلفیئر برانچ اس بات کو یقینی بنائے کہ ماہ فروری کے اختتام تک پنجاب پولیس کے شہداء، غازیوں، حاضر سروس و ریٹائرڈ ملازمین کی آخری تنخواہ، پنشن، جہیز فنڈ، میڈیکل امداد، تجہیز و تکفین، تعلیمی سکالر شپ سمیت ویلفیئر کی کسی کیٹیگری کا کوئی کیس زیر التواء نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور پولیس کے غازیوں میں ویلفیئر پیکج کے تحت امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے بم دھماکوں،ڈاکوؤں سے مقابلے اور دوران ڈیوٹی حادثات میں معذور ہونے والے لاہور پولیس غازیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے 32لاکھ 50ہزار کے امدادی چیک تقسیم کیے۔

(روز نامہ نوائے وقت)

************