ویلفیئر کی مختلف کیٹیگریز میں شہداء، غازیوں، دیگر پولیس ملازمین اوران کے اہل خانہ کو 80کروڑ روپے کی رقم جاری ہو چکی ہے
لگ بھگ 150 غازیوں کو سرجیکل بیڈز، الیکٹریکل چئیرز اور مصنوعی اعضاء فراہم کیے جا رہے ہیں۔
یکم مارچ تک پولیس ملازمین کے بچوں کے تعلیمی سکالرشپس کا ایسا کوئی کیس زیر التواء نہیں رہے گا جن پر وظائف جاری نہ ہو چکے ہوں۔
شہداء کی فیملیز کیلئے ہیلپ لائن 99212337 بھی شروع، پولیس ملازمین کے اہل خانہ آئی جی پی شکایت سیل 1787پر بھی رابطہ کر کے اپنا مسئلہ حل کروا سکتے ہیں۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر شہداء، غازیوں، حاضر سروس و ریٹائرڈ ملازمین کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں اور اس سلسلے میں پنجاب پولیس کی ویلفیئر برانچ نے رواں مالی سال میں پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے تعلیمی سکالرشپ، گذرا الاؤنس، جہیز فنڈ، آخری تنخواہ سمیت مختلف کیٹیگریز کی مد میں 80کروڑ روپے کی رقم جاری کر چکی ہے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین نے میڈیا نمائندگان کو آئی جی پنجاب کی ہدایات پر شروع کئے گئے احکامات بارے بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس ملازمین کی بہترین ویلفیئر آئی جی پنجاب کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس شہداء کے ویلفیئر پیکج سے متعلقہ تمام زیر التواء اور زیر تکمیل کیسز پر کاروائی مکمل کرتے ہوئے فنڈز اجراء کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ جن شہداء کی فیملیز کو ابھی تک گھر نہیں ملے اس سلسلے میں تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور یونٹ سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر گھر کی خرید کے حوالے سے تمام امور مکمل کرکے رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ شہداء کے بچوں کے تمام سکالرشپس سات فروری تک مکمل کرکے چیک جاری کردئیے گئے ہیں اور آئندہ شہداء کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپ انکے مقامی اضلاع میں ڈی پی او دفتر سے جاری ہونگے اور اس کیلئے انہیں لاہور یا سنٹرل پولیس آفس نہیں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل میں شہداء کے بچوں کو سکالرشپ تعلیمی سال کے دوران ہی دے دئیے جائیں گے اورا س سلسلے میں آرپی اوز، ڈی پی اوز کو فنڈز بھجوا ئے جارہے ہیں اور یکم مارچ تک پولیس ملازمین کے بچوں کے تعلیمی سکالرشپس کا ایسا کوئی کیس زیر التواء نہیں رہے گا جن پر وظائف جاری نہ ہو چکے ہوں۔ڈی آئی جی ویلفیئر نے بتایا کہ پولیس غازیوں کے مسائل کے ازالے کیلئے غازی پیکج میں خاطر خواہ اضافے کرتے ہوئے اسے از سر نو ترتیب دیا گیا ہے اور آئی جی پنجاب کی ہدایت پرگذشتہ دو روز کے دوران صوبہ بھر میں اپاہج یا مستقل معذوری سے بستر تک محدود غازیوں کے کیسز کی فہرست فائنل کرکے ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی میں پیش کردیا گیا ہے جو بدھ آٹھ فروری تک تمام کیسز کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی گی۔ انہوں نے کہاکہ لگ بھگ 150 اپاہج اور مکمل معذور غازیوں کو سرجیکل بیڈز، الیکٹریکل چئیرز اور مصنوعی اعضاء فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ انہیں علاج معالجے کیلئے پاکستان کے علاوہ بیرون ملک بھجوانے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ فرائض کی بجاآوری کے دوران معذور ہونے والے غازیوں کی بحالی کیلئے یہ ایک انقلابی اقدام ہوگا جس سے غازیوں کو خصوصی فائدہ حاصل ہوگا۔ ڈی آئی جی ویلفیئر نے کہاکہ حاضر سروس ملازمین کے بچوں کے سکالرشپس، جہیز فنڈز، الوداعی تنخواہ اور تجہیز و تکفین سے متعلقہ تمام کیسز پر دفتری کاروائی مکمل کرتے ہوئے تمام کیسز مکمل ہو چکے ہیں جن پر امدادی فنڈز اسی ہفتے متعلقہ ملازمین کو منتقل ہو جائیں گے اور آئندہ موصول ہونے والے تمام کیسز کو ایس او پیز کے مطابق 15روز کے اندر حل کیاجائے گا۔ ڈی آئی جی ویلفیئر نے کہاکہ تمام ڈسٹرکٹ، یونٹس، ٹریننگ اداروں کو زیر التوا کیسز بارے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پولیس ملازمین کی ویلفیئر سے متعلقہ ایسے تمام کیسز کو سنٹرل پولیس آفس بھجوایا جائے تاکہ ان پر فی الفور فنڈز کا اجراء کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس شہداء کی فیملیز کیلئے ہیلپ لائن نمبر99212337فعال ہے جہاں وہ دفتری اوقات کے دوران کال کرکے اپنے کسی بھی مسئلے کے حوالے سے مجھ سے براہ راست بات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ پولیس کے تمام ملازمین آئی جی پی کمپلینٹ نمبر1787کے ذریعے بھی اپنی ویلفیئر سے متعلقہ تمام کیسز براہ راست سنٹرل پولیس آفس بھجوا سکتے ہیں تاکہ ان کے ازالے کیلئے بلا تاخیر عملی اقدامات کئے جاسکیں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 52)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
