ایف آئی آر اندراج میں تاخیر کسی صورت قبول نہیں،آئی جی

Feb 06, 2023

لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ آئی جی نے ہدایت کی کہ تمام آر پی اوز ، سی پی اوز اور ڈی پی اوز پیر رات 12 بجے تک چوری ، راہزنی و ڈکیتی کے تمام تصدیق شدہ واقعات کی ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنا کر سرٹیفکیٹ سنٹرل پولیس آفس جمع کروائیں ۔ شہریوں کی شکایات پر بروقت ایکشن نہ لینے پر معطل ہونے والے ایس ایچ اوز کے شوکاز نوٹسز کا فیصلہ 24 گھنٹوں میں کر کے محکمانہ کارروائی مکمل کی جائے ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شوکاز نوٹسز کو ایس ایچ اوز کے سروس ریکارڈ کا حصہ بنا کر دوبارہ کبھی انہیں ان تھانوں میں تعینات نہ کیا جائے ۔ یہ ہدایات انہوں نے 1787 کمپلینٹ سنٹر کے اچانک دورے کے دوران افسران کو جاری کیں ۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کی کالز سنیں اور شکایات پر ہونے والے ایکشن کا جائزہ لیا ۔ مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین ڈیوٹی کرنے والے ٹریفک وارڈنز کی تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے حوصلہ افزائی کی ۔ انسپکٹر رانا احسن اور ٹریفک وارڈن رضوان نے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی کو چند ہی گھنٹوں میں ٹریس کرکے تھانہ فیکٹری ایریا میں بند کروایا جس پر آئی جی پنجاب نے رانا احسن اور رضوان کو سی سی ون سرٹیفیکیٹ اور کیش انعام دیا ۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز موجود تھے ۔

(روز نامہ جنگ)

***********