آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ آمد، یادگار شہداء پر سلامی دی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ آمد، یادگار شہداء پر سلامی دی۔
 دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے ہمیں جذبہ حب الوطنی کے تحت مل کر لڑنا ہے۔ آئی جی پنجاب  
جیسے میانوالی میں دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا اسی جذبے سے انہیں ملک سے نکال باہر کریں گے۔ڈاکٹر عثمان انور
 شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن معاونت کی فراہمی اولین ترجیحات میں ہے۔ آئی جی پنجاب
ڈکیتی، چوری اور راہزنی کے مقدمات کے اندراج میں تاخیر کے ذمہ داران خود کو سخت نتائج کیلئے تیار رکھیں۔ ڈاکٹر عثمان انور
پنجاب میں پولیس افسران و اہلکاروں کی سزاؤں کے خلاف زیر التواء اپیلوں پر سولہ فروری تک فیصلے کا حکم دے چکا ہوں۔ آئی جی پنجاب
 اگر آپ میری خوشنودی اور فیلڈ میں رہنا چاہتے ہیں تو شہریوں کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھنا ہوگا۔ ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے سے دہشت گرد اورسماج دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کیلئے ہمیں جذبہ حب الوطنی کے تحت مل کر لڑنا ہے اور دہشت گردو ں کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ جیسے میانوالی میں پولیس کے بہادر سپوتوں نے بہترین انٹیلی جنس اور بہادری سے دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا اسی جذبے سے لڑتے ہوئے دہشت گردی، فرقہ واریت اور منظم جرائم میں ملوث سماج دشمن عناصر کو ارض پاک سے نکال باہر کرتے ہوئے شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے ہمیں جہاں اپنے فرائض غیر جانبداری اور ایمانداری سے ادا کرنا ہیں وہیں امن و امان کے قیام اور شہریوں کی جا ن و مال و عزت کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھنی۔ انہوں نے کہا کہ پر امن ماحول میں شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن سمیت تمام معاون اداروں کوہر ممکن سپورٹ فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ڈکیتی، چوری اور راہزنی کے مقدمات کے اندراج میں تاخیرکسی صورت قابل قبول نہیں، ایسے واقعات کے ذمہ داران خود کو سخت نتائج کیلئے تیار رکھیں۔ڈاکٹرعثمان انور نے لاہور پولیس کے افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی ویلفیئر، ترقیوں اور دیگر معاملات کی کوئی فائل سی پی او یا اضلاع میں زیر التواء نہیں رہے گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں پولیس افسران و اہلکاروں کی سزاؤں کے خلاف زیر التواء اپیلوں پر متعلقہ افسران کو 16فروری 2023تک فیصلے کا حکم دے چکا ہوں جبکہ پولیس افسران و اہلکاروں کی محکمانہ پروموشن کا عمل تیز کرنے کیلئے صوبے کے تمام آرپی اوز، ڈی پی اوز کو تین روز کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے پابند کیا ہے کہ کانسٹیبل سے ڈی ایس پی تک ترقی کیلئے اے سی آرز سمیت تمام کاغذات اور سفارشات 9 فروری تک سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں غیر ملکیوں بالخصوص چینی باشندوں شہریوں کی سکیورٹی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے جائیں جبکہ اقلیتی عبادت گاہوں اوراقلیتوں کی سکیورٹی کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں تھانے، سب ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ٹاپ ٹین ٹارگٹس فکس کرکے انکے حصول کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ عدالتوں سے تفتیشی افسران کی بروقت واپسی کو یقینی بنایا جائے تاکہ تفتیشی افسران تھانوں میں موجود رہیں اور شہریوں کو اپنے مسائل کے ازالے کیلئے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس کے اچھے کاموں کی تشہیر کیلئے سوشل میڈیا کا موثر استعمال یقینی بنا یاجائے اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں تک خدمات اور معلوما ت کی باآسان رسائی کو یقینی بناجائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کے مقدمات کا فوری اندراج کیاجائے جبکہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلا تفریق کاروائیوں میں تیزی لائی جائے اور اس حوالے سے رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ اشتہاری ملزموں کی گرفتاری اولیت دیں اور اس ضمن میں مقدمات کے مدعیوں سے قریبی رابطے میں رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے سپروائزری افسران، ایس ایس پیز، ایس پیز، انچارج انویسٹی گیشن اور ایس ایچ اوز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
  قلعہ گجر سنگھ آمدپرآ ئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے یادگارشہداء پر حاضری د ی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے خطاب میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ اگر آپ میری خوشنودی اور فیلڈ میں رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو شہریوں کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھنا ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ پولیس حراست میں ہلاکت یا فرار کے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گالہذا تمام افسران تفتیش کے جدید طریقہ کار پر فوکس کرتے ہوئے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت تمام ایس ایس پیز بھی موجود تھے۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 50)

نایاب حیدر

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Monday, February 6, 2023