آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز کا اچانک دورہ،مختلف شعبوں کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔
شہرکے مختلف علاقوں میں کرائم ہٹ ایریاز کی مانیٹرنگ پر فوکس رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب
دہشت گردی خطرات کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات کی مانیٹرنگ پرخاص نظر رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب
تفتیشی افسران کو ہر ممکن سپورٹ اور ڈیجیٹل شواہد بروقت مہیا کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث گاڑیوں اور ڈرائیورز کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ سیف سٹی جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار منصوبہ ہے جس سے شہر میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے، ٹریفک مینجمنٹ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں میں بھرپور استفادہ کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کیمروں کی بدولت شہر کے مختلف علاقوں میں کرائم ہٹ ایریاز کی مانیٹرنگ پر فوکس رکھا جائے اور جرائم کے قلع قمع کیلئے فیلڈ میں تعینات ٹیموں کو ٹارگٹڈ آپریشنز کیلئے ہر ممکن معاونت دی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس تنصیبات بالخصوص اہم شاہرات،حساس دفاتر، تعلیمی اداروں، مذہبی مقامات اور اقلیتی عبادت گاہوں کے گردونواح کی مانیٹرنگ پربطور خاص توجہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سیف سٹی مانیٹرنگ افسران لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی نگرانی کے علاوہ فیلڈ ڈیوٹی پر تعینات پٹرولنگ فورس کو فوری آگاہ کرنے کے بعد مسلسل فالو اپ بھی لیتے رہیں تاکہ موثر کوارڈی نیشن کی بدولت سٹریٹ کرائم،دہشت گردی خطرات سمیت ٹریفک حادثات کی ایمر جنسی میں پولیس فورس کا بروقت رسپانس ممکن ہو۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سیف سٹی کیمروں میں ریکارڈ ڈیجیٹل شواہد سے تفتیشی افسران کو ہر ممکن سپورٹ اورتکنیکی معاونت بروقت مہیا کی جائیں تاکہ مقدمات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچا کر مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جا سکیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کیمروں سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرگاڑیوں اور ڈرائیورز کے خلاف فوری کاروائیوں کو یقینی بنایا جائے۔یہ ہدایات انہوں نے آج سیف سٹی اتھارٹی قربان لائنزکے اچانک دورے کے موقع پر عملے کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں۔آئی جی پنجاب نے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور پکار 15 سسٹم سمیت مختلف شعبوں کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔ ڈیوٹی پر مامور شفٹ انچارج نے آئی جی پنجاب کو مختلف شعبوں کی ورکنگ بارے بریفنگ دی۔
آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر سے پکار 15 پر موصول کالز کے نظام اور اسکے فالو اپ بارے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ پکار15 پرموصول کالز پر شہریوں سے خوش اخلاقی اور نرم گفتاری سے پیش آیا جائے اور انکی مشکل کو ذاتی تکلیف سمجھتے ہوئے فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے تمام سٹاف کو پہلے سے زیادہ محنت، دلجمعی اور فرض شناسی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں وہ خلوص نیت اور جذبہ خدمت کے تحت فرائض ادا کریں اور لاہور میں موثرٹریفک مینجمنٹ اور انسداد جرائم کے مشن میں اپنا کردار کردار ادا کریں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 49)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************

