آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا 1787 کمپلینٹ سنٹر کا دورہ ، زیرالتوا شکایات پرایکشن کا جائزہ لیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا 1787 کمپلینٹ سنٹر کا دورہ ، زیرالتوا شکایات پرایکشن کا جائزہ لیا۔
شہریوں کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھنے والے افسران ہی صرف فیلڈ پوسٹنگ پر رہ سکیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور
تمام آر پی اوز اور ضلعی افسران پیر رات 12 بجے تک چوری، راہزنی و ڈکیتی کے مقدمات کا اندراج یقینی بنا کر سرٹیفیکیٹ آئی جی آفس جمع کروائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور
معطل شدہ ایس ایچ اوز کے شوکاز نوٹسز کا فیصلہ 24 گھنٹوں میں کر کے محکمانہ کارروائی مکمل کی جائے ۔ آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین ڈیوٹی کرنے والے ٹریفک وارڈنز کی تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے حوصلہ افزائی کی ۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں اور خلاف ورزی کی صورت میں افسران و ماتحتان کا لحاظ کئے بغیر بلاتفریق ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام آر پی اوز ، سی پی اوز اور ڈی پی اوز پیر رات 12 بجے تک چوری ، راہزنی و ڈکیتی کے تمام تصدیق شدہ واقعات کی ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنا کر سرٹیفیکیٹ سنٹرل پولیس آفس جمع کروائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ سی پی اوز اور ڈی پی اوز اس بات کو یقینی بنایں کہ ڈکیتی ، راہزنی و چوری کے تصدیق شدہ واقعات کی کوئی ایف آئی آر زیر التواء نہ رہے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے سی پی اوز اور ڈی پی اوز مانیٹرنگ کے عمل کو بہتر سے بہتر کریں اور اگر اس کے باوجود بھی اگر کوئی ایسے فعل میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف ایکشن لینے میں قطعی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کیا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات پر بروقت ایکشن نہ لینے پر معطل ہونے والے ایس ایچ اوز کے شوکاز نوٹسز کا فیصلہ 24 گھنٹوں میں کر کے محکمانہ کارروائی مکمل کی جائے ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شوکاز نوٹسز کو ایس ایچ اوز کے سروس ریکارڈ کا حصہ بنا کر دوبارہ کبھی انہیں ان تھانوں میں تعینات نہ کیا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھنے والے افسران ہی صرف فیلڈ پوسٹنگ پر رہ سکیں گے کیونکہ ہمارا بنیادی کام عوام کی جان و مال اور عزت آبرو کا تحفظ ہے اور اس مقصد میں ناکام رہنے والے افسران کو اچھی پوسٹنگ پر  رہنے کا کوئی حق نہیں لہذا ڈکیتی ، راہزنی اور چوری کے مقدمات بروقت درج نہ کرنے والے افسران و اہلکار خود کو کاروائی کیلئے تیار کر لیں ۔ یہ ہدایات انہوں نے 1787 کمپلینٹ سنٹر کے اچانک دورے کے دوران افسران کو جاری کیں ۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کی کالز سنیں اور شکایات پر ہونے والے ایکشن کا جائزہ لیا ۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین ڈیوٹی کرنے والے ٹریفک وارڈنز کی تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے حوصلہ افزائی کی ۔ انسپکٹر رانا احسن اور ٹریفک وارڈن رضوان نے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی کو چند ہی گھنٹوں میں ٹریس کرکے تھانہ فیکٹری ایریا میں بند کروایا جس پر آئی جی پنجاب نے رانا احسن اور رضوان کو سی سی ون سرٹیفیکیٹ اور کیش انعام دیا ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی احسن روایت ہے لہذا آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں محنتی ، قابل اور فرض شناس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں ۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز موجود تھے ۔

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 48)

نایاب حیدر

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

Press Release Date: 
Sunday, February 5, 2023