مکڑ وال حملہ تھا نوں کے باہر مورچے بنانے ، گشت کا حکم

Feb 02, 2023

لاہور ( مدثر حسین سے )میانوالی مکٹروال تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد تھانوں کے باہر مستقل مورچے بنانے کا حکم ، جبکہ گشت پر جانے والے اہلکاروں کو بھی بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔

 تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان چیک پوسٹ اور میانوالی مکٹروال تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھانوں ، پولیس لائنز اور دیگر مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب عثمان انور نے سی سی پی او لاہور سمیت پنجاب کے تمام آر پی اوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تھانوں کے باہر حفاظتی مورچے بنائیں جہاں اہلکار ہر وقت الرٹ پوزیشن میں رہیں۔ جبکہ چیک پوسٹوں پر بھی اہلکار حفاظتی مورچے بنا کر الرٹ رہیں ۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس لائنز ، پولیس کی مساجد اور پولیس کے دیگر مقامات پر سکیورٹی کو ایس او پیز کے مطابق فعال کریں گے ۔ پولیس لائنز کے باہر ایلیٹ کی نفری مسلسل گشت پر تعینات کریں ۔ اسکے علاوہ گشت پر جانے والے اہلکار بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ پہن کر گشت کریں اور اپنے ارد گرد مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں ۔ واضح رہے کہ کالعدم تنظیموں کے حملوں میں گزشتہ چند ہفتوں سے تیز ی آئی ہے ۔ ایک روز قبل میانوالی تھانے پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا جسکو پنجاب پولیس کے جوانوں نے ناکام بنایا اور دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کیا۔

(روز نامہ دنیا)

***********