آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کا 1787کمپلینٹ مینجمنٹ سنٹرکا دورہ، فون کالز پر شہریوں کی شکایات سنیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کا 1787کمپلینٹ مینجمنٹ سنٹرکا دورہ، فون کالز پر شہریوں کی شکایات سنیں۔
آئی جی پنجاب کی ایس ڈی پی او، صدر مظفر گڑھ کو وارننگ، ایف آئی آر کی کاپی شہری کے گھر پہنچانے اور جلد ریکوری کا حکم۔
ایف آئی آراندراج میں تاخیر پر نہ صرف متعلقہ سرکل آفیسرکے خلاف کاروائی ہو گی بلکہ وہ ایف آئی آر کی کاپی خود شہری کے گھر پہنچائے گا۔
آئی جی پنجاب کا شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے پنجاب کے تمام سرکل افسران کو خصوصی ٹاسک اور تنبیہ۔
شہریوں کی شکایات پر بر وقت ایکشن نہ لینے والے سرکل افسران کو فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی شکایات کے بلا تاخیرازالے کیلئے صوبے کے تمام سرکل افسران کو بروقت اقدامات کا ٹاسک سونپا ہے۔ آئی جی پنجاب نے سرکل افسران کو تنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ جن افسران نے شہریوں کی شکایات کے حل میں دانستہ طور پر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا انہیں نہ صرف فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا دیا جائے گا بلکہ محکمانہ و قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر ایس ڈی پی او، صدر مظفر گڑھ کو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ وہ نہ صرف فوری ایف آئی آر کی کاپی خود شہری کے گھر پہنچائیں بلکہ چوری شدہ سامان کی ریکوری جلد از جلد کروا کر متاثرہ شہری کا مسئلہ حل کروائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اگر اس واقعہ میں مزید تاخیر کا مظاہرہ کیا گیا تو پھر سرکل افسر خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ایف آئی آرکے اندراج بالخصوص ڈکیتی، چوری اور راہزنی کے مقدمات کے اندراج میں تاخیر پر نہ صرف متعلقہ سرکل آفیسرکے خلاف کاروائی کی جائے گی بلکہ وہ ایف آئی آر کی کاپی خود شہری کے گھر پہنچانے کا پابند ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام سرکل افسران اپنے زیر انتظام تھانوں میں زیر التواء درخواستوں کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچائیں تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو اور احساس تحفظ کی فضا کو فروغ ملے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی سنگین نوعیت کی شکایات 1787کمپلینٹ سنٹر میں روزانہ کی بنیاد پر میں خود اور ڈی آئی جی آئی اے بی سنیں گے جبکہ ڈی آئی جی آئی اے بی ان شکایات کے فالو اپ کے لیے آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے مسلسل رابطے میں رہیں گے جب تک شہری کا مسئلہ حل نہ ہو جائے۔ یہ بات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں 1787کمپلینٹ مینجمنٹ سنٹر کے دورے میں شہریوں کی شکایات سننے کے بعد ان کے حل کے لیے احکامات دیتے ہوئے کیا۔  
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے کاہنہ لاہور کے سرکل افسر کو شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے زیر التواء درخواستوں پر قانونی کاروائی کو تیز سے تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زیر التواء درخواستوں کے بارے میں رپورٹ ایک ہفتے میں اے آئی جی شکایات کو بھجوائیں۔ آئی جی پنجاب نے سرکل افسر، صدر مظفر گڑھ سے بات کرتے ہوئے شہری کی درخواست بارے فالو اپ لیا اور ہدایات دیں۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں سے پولیس رویے بارے بھی دریا فت کیا اور کہا کہ شہریوں سے بدتمیزی یا بداخلاقی سے پیش آنے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں اور ایسے پولیس ملازمین کے خلاف سخت سے سخت کاروائی سے بھی گریز نہ کیا جائے۔ انہوں نے اے آئی جی کمپلینٹس کو تاکید کی کہ وہ شکایات کے بلا تاخیر ازالے کیلئے مانیٹرنگ کے عمل کو مزید بہتر بنائیں اور ایس او پیز کے مطابق شکایات کو مقررہ ٹائم لائن میں حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ 1787 کمپلینٹ سنٹر کی ورکنگ کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آئی اے بی سید امین بخاری، اے آئی جی کمپلینٹس شاکر اللہ شاہد اور اے آئی جی انسپکشن شعیب خرم جانباز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 45)

نایاب حیدر

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Thursday, February 2, 2023