آئی جی پنجاب نے لاپتہ نوجوان کو بحفاظت بازیاب کروانے پر اے ایس پی عثمان عزیز میر کو تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا۔
بھاگٹانوالہ سرگودھا کا رہائشی بیس سالہ احتشام عزیز گذشتہ برس اگست میں گھر سے بائیک پر نکلا اور لاپتہ ہوگیا۔
والدین کی درخواست پر احتشام عزیز کا کیس جبری گمشدہ افراد کی رہائی کیلئے بنائے گئے کمیشن میں بھی پیش ہوا۔
مشکلات کے شکار شہریوں کی مدد کیلئے اسی جذبے کے تحت کام کریں تاکہ پولیس اور شہریوں میں اعتماد کی فضا مزید مضبوط ہو۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نے جبری گمشدگی کیس میں لاپتہ نوجوان کو بحفاظت بازیاب کروانے پر اے ایس پی صدر سرگودھا عثمان عزیز میر کو شاباش دی اور تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے علاقے بھاگٹانوالہ کا رہائشی بیس سالہ احتشام عزیز گذشتہ برس اگست میں گھر سے بائیک پر نکلا اور لاپتہ ہوگیا۔والدین نے اپنے بیٹے احتشام عزیز کا کیس جبری گمشدہ افراد کی رہائی کیلئے بنائے گئے کمیشن میں بھی پیش کردیا۔اے ایس پی صدر، سرگودھاعثمان عزیز میر کی سربراہی پولیس ٹیم نے کیس پر دلجمعی سے کام شروع کیا تو تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ بالا لڑکا راولپنڈی کے علاقے میں دیکھا گیا جس پر پولیس ٹیم نے راولپنڈی میں ایک مقام پر ریڈ کیا تو پتہ چلا کہ پندرہ روز قبل یہاں سے راولپنڈی کے ایک دوسرے علاقے میں شفٹ ہوگیا۔ معلومات لیتے لیتے پولیس ٹیم آخر دوہفتوں بعد احتشام عزیز تک جاپہنچی جہاں وہ سائیکلوں کی دوکان پر کام کر رہا تھا جہاں سے پولیس ٹیم اسے لے کر گھر واپس آ گئی۔ دوران تحقیقات احتشام عزیز سے معلوم ہوا کہ وہ مختلف جگہوں پر صرف تین وقت کی روٹی کے عوض کام کررہا تھااورگھریلو حالات اور اپنے محلے کے کچھ لوگوں کے ناروا سلوک کے باعث ایک فراڈیے شخص کے ہاتھ چڑھ گیا تھا جو اسے بھلا پھسلا کر راولپنڈی لے گیا اور اپنی دوکان پر کام پر لگا دیا جہاں موقع ملتے ہی وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اورپھردیگردوکانوں پر کام کرتارہا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرگودھا پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مشکلات کے شکار شہریوں کی مدد اور سہولت کیلئے اسی جذبے سے کام کریں گے تاکہ پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کی فضا مزید مضبوط ہوسکے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 43)
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Wednesday, February 1, 2023