آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا تھانہ مکڑوال میانوالی کا دورہ،

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا تھانہ مکڑوال میانوالی کا دورہ،
دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب ایس ایچ او مکڑ وال میانوالی سے بغل گیر ہوگئے اور تھپکی دی۔
پنجاب پولیس کے جوانوں کی بہادری اورثابت قدمی کو سرکاری و عوامی ہر سطح پر سراہا جارہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور
فرنٹ لائن پر لڑنے والے پولیس اہلکاروں کو جدید وسائل اور ہر ممکن حکومتی سپورٹ حاصل رہے گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب
 بہادری اور فرض شناسی کے بے مثال مظاہرے پر تمام اہلکاروں کوتعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہاہے کہ تھانہ مکڑوال پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا نہ صرف پیچھا کیا جائے بلکہ شرپسند عناصر کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کو بھی کیفر ِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہم سب نے ارضِ پاک اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کی قسم کھائی ہے اور اس عہد کو خون کے آخری قطرے تک نبھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے جس بہادری اور ثابت قدمی سے حملہ آور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا وہ لائق تحسین ہے۔ ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ کانسٹیبل سے لے کر ڈی پی او تک ہر افسر و اہلکار نے تھانہ مکڑوال پر حملے کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کیا،میں امید کرتا ہوں کہ اسی جذبہ اور بہادری کو برقرار رکھتے ہوئے دہشت گرد عناصر کے قلع قمع میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے جوانوں کی بہادری اورثابت قدمی کو سرکاری و عوامی ہر سطح پر سراہا جارہا ہے جو میرے لئے انتہائی فخر کی بات ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنی بہادری سے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا، فرنٹ لائن پرلڑنے والے تمام اہلکاروں اور افسران کی شجاعت نے قوم کے سر فخر سے بلند کر دیے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس فورس کو دہشت گردوں سے مقابلے کیلئے جدید وسائل اور ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی اور اس حوالے سے جہاں کہیں فنڈز کی ضرورت ہوئی وہ ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج تھانہ مکڑوال میانوالی دورے کے موقع پر پولیس اہلکاروں اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تھانہ مکڑوال میانوالی کا دورہ کیا۔ آئی جی پنجاب ایس ایچ او مکڑ وال ملک محمد فیاض سے بغل گیر ہوگئے اور اس کی کمر کو تھپتھپاتے ہوئے اسے شاباش دی۔ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب نے بہادری اور فرض شناسی کے بے مثال مظاہرے پر تمام اہلکاروں کوتعریفی اسناداور نقد انعامات سے نوازا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے میانوالی کی تمام بارڈر چیک پوسٹوں پر سنائپرز، جدید اسلحے سے لیس ٹیموں کے علاوہ ہر ممکن وسائل کی فوری فراہمی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملک و ملت کو ان ناسوروں سے نجات دلانے کے لیے سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو نئے عزم و ولولے سے بھر پور انداز میں شروع کیا جائے اور یہ آپریشنز اس وقت تک جاری رہے جب تک دہشت گرد منطقی انجام تک نہ پہنچ جائیں۔ انھوں نے کہا کہ آرپی او ز،ڈی پی اوز نہ صر ف خود نگرانی کریں بلکہ تمام انٹیلی جنس ایجنسیز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور آپریشنز میں ان سے بھر پور معاونت حاصل کریں۔ ڈی پی او میانوالی نے آئی جی پنجاب کو دہشت گردوں کے حملے اور پولیس ایکشن بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس،آر پی او سرگودھا شارق کمال صدیقی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 42)

نایاب حیدر

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Wednesday, February 1, 2023