آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد
پولیس ملازموں کی بیوگان کا گذارا الاؤنس500 8روپے ماہانہ سے بڑھا کر محنت کش کی حکومتی منظور کردہ اُجرت کے برابر 25 ہزارکرنے کا فیصلہ
 پولیس کے غازیوں کے میڈیکل کلیم فوری کلئیر کئے جائیں جبکہ پوسٹنگ ٹرانسفر میں غازیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
 اوپن میرٹ پر آنے والے پولیس شہید کے تمام بچوں کو محکمانہ بھرتی کے عمل کے دوران10 اضافی نمبر دینے کا فیصلہ
فرض کی راہ اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے معذورہوجانے والے بہادر غازیوں کے مالی پیکج میں اضافہ کا فیصلہ
آئی جی پنجاب کا تمام شہداء کے زیر التواء واجبات ایک ہفتے کے اندر کلئیر کرنے کا حکم  
پولیس شہداء اور غازی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جنہیں مثالی عزت و احترام اور ہر ممکن ریلیف ملنا ان کا حق ہے۔ آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کے حکم پر پولیس شہداء کی فیملیز اور دہشت گردوں سے مقابلے یا دیگر فیلڈ آپریشنز میں زخمی ہوکر معذور ہو جانے والے غازیوں کی ویلفیئر کیلئے تاریخی اور بڑے فیصلے کئے گئے ہیں جس کے تحت انہیں فوری ریلیف اور سہولت حاصل ہوگی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کے تمام شہداء کے زیر التواء واجبات ایک ہفتہ کے اندر کلئیر کرنے کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے کہاکہ دوران ڈیوٹی انتقال کرجانے والے پولیس ملازمین کی بیوگان کا گذارا الاؤنس (8500 روپے ماہانہ) موجودہ معاشی صورتحال میں انتہائی ناکافی ہے، لہذا پولیس بیوگان کا گذارا لاؤنس بڑھا کر محنت کشوں کی کم از کم حکومتی منظور کردہ اُجرت25ہزار کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ انکی معاشی مسائل میں کمی ہوسکے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ جن پولیس ملازمین کا دس برس کی سروس سے قبل انتقال ہوگیا ہو انکی بیوگان کا گذارا الاؤنس بھی بڑھا کر محنت کشوں کی منظور کردہ اُجرت کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایسے ملازمین کی بیوگان کو گذارا الاؤنس متوفی کی ریٹائرمنٹ عمر تک باقاعدگی سے ملتا رہے گا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس شہداء کے بچوں کی محکمانہ بھرتی کیلئے رولز کو مزید آسان کیا جارہا ہے اور اوپن میرٹ پر آنے والے پولیس شہداء کے تمام بچوں کو محکمانہ بھرتی کے عمل کے دوران 10 اضافی نمبر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ اگر شہید کوٹے پر بھرتی کیلئے متعلقہ ضلع میں سیٹ دستیاب نہیں تو شہید کے بچے کو صوبہ کے کسی بھی دوسرے ضلع میں جہاں سیٹ دستیاب ہو و فی الفور بھرتی کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہداء کے بچوں کو بہترین سکولوں،کالجز اور یونیورسٹیز میں داخلوں کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے اور اس ضمن میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز خود شہداء کے خاندانوں سے رابطہ کریں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس شہداء کی فیملیز کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور انہیں کسی موقع پر یہ محسوس نہ ہو کہ وہ اکیلے یا لاوارث ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس کے غازیوں کے میڈیکل کلیم فوری کلئیر کئے جائیں جبکہ پوسٹنگ ٹرانسفر میں غازیوں کو ترجیح دی جائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایسے تمام غازی جو مکمل معذور ہوچکے ہیں اور بستر سے بھی اٹھنے سے قاصر ہیں ان کیلئے بھی خصوصی پیکج پر کام کیا جارہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ دوران ڈیوٹی حادثہ والے شہداء کے پیکج کو  ریوائز کیا جا رہا ہے اور ایسے شہداء کی فیملیز کو پوری تنخواہ دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فرض کی راہ میں اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے معذور ہوجانے والے پولیس کے بہادر غازیوں کے مالی پیکج میں اضافہ کا فیصلہ کیاجائے گا اور اس حوالے سے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی آئی ٹی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو سات روز میں اپنی سفارشات تیار کرکے ایگزیکٹو بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کے مقدس فریضے میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر شہداء اور غازی میرافخر ہیں جنہیں مثالی عزت و احترام اور ہر ممکن ریلیف ملنا ان کا حق ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہدائے پولیس نے اپنے لہو کی قربانی دے کر قوم کے مستقبل کو محفوظ بنایا ہے اسی طرح پولیس کے غازیوں کی خدمات بھی لازوال ہیں جنہیں ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈاجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔دوران اجلاس پولیس شہداء کی فیملیز اور غازیوں کی ویلفیئر کیلئے تاریخی اور بڑے فیصلے کئے گئے۔
پولیس ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مختلف برانچوں کے پیشہ ورانہ امور، اسٹینڈنگ آرڈرز سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئے جبکہ اجلاس میں شریک افسران نے زیر بحث امور کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ مختلف برانچوں کے دفتری امور بارے فوری فیصلہ سازی کیلئے پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس باقاعدگی سے بلایا جائے گا۔اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران محمود، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی ٹریفک راؤ عبدالکریم، ڈی آئی جی آغا محمد یوسف، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی، سہیل احمد سکھیرا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی،رائے بابر سعید،ڈی آئی جی پی ایچ پی، صادق علی ڈوگراورڈی آئی جی ڈاکٹر عابد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 37)

نایاب حیدر

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Monday, January 30, 2023