اللہ رب العزت نے اپنی مخلوق کو درپیش مسائل حل کرنے کی ذمہ داری پولیس فورس کو سونپی ہے۔ آئی جی پنجاب
روزانہ ڈیوٹی سے جانے سے قبل کم سے کم پانچ پریشان حال بندوں سے دعائیں لے کر جائیں۔ عامر ذوالفقارخان
تھانوں میں آنے والے سائلین کی جگہ پر خود کو رکھ کرانکی بے چینی اور درد کو محسوس کریں تب ہی صیحح معنوں میں خدمت کرسکیں گے۔ آئی جی پنجاب
ہم سب شہریوں کے ٹیکسوں سے اپنی تنخواہ لیتے ہیں لہذا شہریوں کی عزت و احترام ہم پر واجب ہے۔آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب کا ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں 2014کے پروبیشنر سب انسپکٹرز کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ میں خطاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ پولیس سروس ایک مقدس پیشہ ہے جس میں اللہ رب العزت نے اپنی مخلوق کو درپیش مسائل حل کرنے کی ذمہ داری ہمیں سونپی ہے جسے خلوص نیت، ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں اکثر درویش صدا دیا کرتے تھے کہ ”کر بھلا سو ہو بھلا، اَنت بھلے کا بھلا“یعنی جو بھلاکرے گا بھلے کاا ٓخربھلا ہے لہذا اسی جذبے کو کارفرما رکھتے ہوئے ہمیں بھی بھلا کرنے اور آسانیاں تقسیم کرنے والا ہونا چاہئیے۔ عامر ذوالفقار خان نے کہاکہ پوری فورس شہریوں کی خدمت کو اپنا شعار سمجھے اور آج مجھ سے یہ وعدہ کریں کہ روز ڈیوٹی سے گھر جانے سے قبل آپ روزانہ پانچ پریشان حال لوگوں کی دعا لے کر گھر جائیں گے کیونکہ پریشان حال اور مظلوم کی دعا ور بد دعا بلاسینسر رب تک جاتی ہے اور پھر رب کے ایکشن سے بچنا ہم میں سے کسی کے بس میں نہیں لہذا لوگوں کی پریشانیاں دور کرنے والے بنیں آپ کی پریشانیوں کو دورکرنے کی فکر رب اپنے ذمے لے لے گا۔ انہوں نے کہاکہ محنت میں عظمت ہے، میرا سر فخر سے تب بلندہوگا جب آپ اپنی کارکردگی سے محکمہ کی عزت و توقیر میں اضافہ کا باعث بنیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ مجھ سمیت پولیس فورس جوائن کرنے والا ہر افسرو اہلکار عوام کا خادم ہے اور ہمیں عوامی خدمت کی یہ ذمہ داری محنت، لگن اور فرض شناسی کے جذبے کے ساتھ ادا کرنا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تھانوں میں آنے والے سائلین کی جگہ پر خود کو رکھ کرانکی بے چینی اور درد کو محسوس کریں اوراسکے ازالے کیلئے خلوص نیت کے ساتھ کام کرتے ہوئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ عامر ذوالفقار خان نے کہاکہ آپ نے اپنے اندر موجود بچے کو ہرگز مرنے نہیں دینا، کیونکہ اچھا افسر وہی ہے جس کے اندر انسانیت زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب شہریوں کے ادا کردہ ٹیکسوں سے اپنی تنخواہ لیتے ہیں لہذا شہریوں کی بے لوث خدمت، عزت و احترام ہم سب پر واجب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ میں افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق 2014میں بطور سب انسپکٹرز پولیس فورس کا حصہ بننے والے نوجوان افسران نے آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کی زیر قیادت پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں اپنی تربیت مکمل کی تھی جب وہ وہاں بطور کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج سہالہ تھے۔ان نوجوان افسران نے اپنے سابقہ کمانڈنٹ کے اعزاز میں ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا جس میں آئی جی پنجاب نے خطاب کے دوران انہیں اہم ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میرے انڈر ٹریننگ تربیت پانے والے اکثر نوجوان اب پنجاب بھر میں بطور ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشن خدمات سر انجام دے رہے ہیں لیکن میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ اب پہلے سے بھی زیادہ جذبے سے عوام کی خدمت کریں اور میرے لئے باعث فخربنیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سب انسپکٹرز کی محکمانہ ترقی کیلئے قوانین پر عمل درآمد کروایا جائے گا تاکہ میرٹ کے مطابق ترقی کے اہل قابل افسران کو انکا جائزحق بلا تاخیر مل سکے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ میری یہ ذمہ داری ہے کہ میں ہر ممکن اقدامات کرکے آپ کی محکمانہ ترقی کیلئے راہ ہموار کروں کیونکہ اگر میں یہ نہ کرسکا تو پھر شاید کوئی اور افسر بھی نہ کرسکے۔ آئی جی پنجاب نے اپنے پی ایس او کو ہدایت کی کہ وہ سب انسپکٹرز کے ساتھ میٹنگ کرکے ایک گروپ تشکیل دے دیں جو سب انسپکٹرز کی مشکلات بارے پزیزنٹیشن(Presentation) تیار کرکے جلد مجھے پیش کریں تاکہ اس حوالے سے جلد عملی اقدامات کئے جاسکیں۔ سب انسپکٹرز نے آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے زیر نگرانی تربیت پانا ہمارے لئے ایک اعزاز سے کم نہیں،آپ جیسا بہترین کمانڈنٹ اور لیڈر زیر تربیت افسران کو کبھی کبھی نصیب ہوتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے ملنے والی گائیڈ لائنز کے پیش نظر کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں گے اور شہریوں کی خدمت اور حفاظت کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر سب انسپکٹرز نے مختلف مسائل پیش کئے جنہیں آئی جی پنجاب نے سنتے ہوئے موقع پر ہی ازالے کے احکامات جاری کئے۔
(ہینڈ آؤٹ 29 )
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************
