لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ شہریوں کی سہولت اورقانون کی بالادستی کیلئے خدمت ِخلق کے جذبے اور فرض شناسی سے فرائض ادا کرنے والے اہلکار محکمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شاہرات پر خدمات سر انجام دینے والے ٹریفک وارڈنز اور فیلڈ میں تعینات اہلکار پنجاب پولیس کا حقیقی چہرہ ہیں جو اپنے طرز عمل اور پروفیشنلزم سے عوام میں محکمہ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔انہوں نے سرپرائز وزٹ کے دوران لاہور میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور فرائض کی بہترین ادائیگی کرنے والے دووارڈنز کو سی پی او مدعو کیا،تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی۔ سی سی ون سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں میں ٹریفک وارڈن جنید اور عمر شامل ہیں۔ ایس ایس پی رینک پر پروموٹ ہونے والے پولیس افسران کو بیجز لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی ۔ترقی پانے والے افسران میں ایس ایس پیز کاشف اسلم، بلال افتخار اور رفعت بخاری شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ درحقیقت پولیس افسر کی ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاس ہے لہذا پروموٹ ہونے والے افسران اچھے ٹیم لیڈر کے طور پر ماتحت سٹاف سے بہترین پرفارمنس لیں۔
(روز نامہ نوائے وقت)
***************