سی پی او پنجاب پولیس کا ہیڈ کوارٹر ہے جسے کلین، گرین اور گریس فل ہونا چاہئے۔ عامر ذوالفقار خان

Jan 13, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ پولیس ملازمین کی استعدادکار میں اضافہ اور انہیں ورکنگ کیلئے بہترین ماحول کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی جی پنجاب کے سٹاف کو دفتری امور کی انجام دہی محنت، لگن اور جذبہ خدمتِ خلق کے تحت کرنی چاہئے۔ انہوں نے افسروں اور ملازمین کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حوالے سے ایکشن یا خط و کتابت میں تاخیر کسی بھی سطح پر برداشت نہیں ہو گی لہذا اپنا روز کا کام دلجمی سے مکمل کر کے جائیں۔عامر ذوالفقار خان نے کہاکہ سنٹرل پولیس آفس پنجاب پولیس کا ہیڈ کوارٹر ہے جسے کلین، گرین اور گریس فل ہونا چاہئے۔ انہوں نے اے آئی جی ایڈمن کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب سمیت سی پی او میں تمام ترقیاتی پراجیکٹس کو مقررہ ٹائم لائن کے اندرمکمل کروائیں اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے مختلف برانچوں میں فرائض سر انجام دینے والے ملازمین کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے موقع پر احکامات بھی جاری کئے۔ مسائل کے حل کیلئے فوری احکامات پر ملازمین کا آئی جی پنجاب سے اظہار تشکر، ڈھیروں دعائیں دیتے ہوئے مزید دلجمعی سے کام کرنے کا عزم کیا۔آئی جی پنجاب نے سی پی او بلڈنگ میں صفائی کے انتظامات پر اظہار عدم اطمینان کرتے ہوئے مزید بہتر اقدامات کی ہدایت کی اور سکیورٹی انتظامات کو بھی مزید بہتر اور موک ایکسر سائز جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

(روز نامہ دنیا)

*************