خواتین ‘بچوں پرتشددکاخاتمہ ترجیحات میں شامل:آئی جی

Jan 13, 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ پولیس ملازمین کی استعدادکار میں اضافہ اور انہیں ورکنگ کیلئے بہترین ماحول کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے افسروں اور ملازمین کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حوالے سے ایکشن یا خط و کتابت میں تاخیر کسی بھی سطح پر برداشت نہیں ہو گی ۔ تمام ترقیاتی پراجیکٹس کو مقررہ ٹائم لائن کے اندرمکمل کروائیں اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے ملازمین کے مسائل سنے اور حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔  یونائیٹڈ نیشنز آفس آن ڈرگز اینڈ کرائم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اوربچوں پرتشدد، ہراسمنٹ اور زیادتی کے واقعات کا خاتمہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے جرائم کی تفتیش کیلئے پیشہ ورانہ مہارت کیساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا مئوثر استعمال یقینی بنایا جارہا ہے ۔گوجرانوالہ میں یونائیٹڈ نیشنز آفس آن ڈرگز اینڈ کرائم کے تعاون سے ویمن اینڈ جووینائل فیسی لیٹیشن سنٹر کا قیام قابل ستائش ہے ۔ انہوںنے لاہور اور راولپنڈی میں بھی ایسے سنٹرزکے قیام کیلئے کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔وفد کے سربراہ جیریمی مِلسوم نے کہا کہ UNODCپنجاب پولیس کے ماسٹر ٹرینرز اور تفتیشی افسران کو تفتیش کی جدید مہارتوں کے حوالے سے معاونت کریگا جبکہ تفتیشی افسران کی کپیسٹی بلڈنگ کیلئے جدید ٹریننگ فراہم کی جائیگی۔

(روز نامہ نوائے وقت)

**************