پولیس کے غازیوں کی مالی امداد میں اضافہ کیلئے سمری حکومت کو بھیجی جائے : آئی جی

Jan 12, 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ شہدائے پولیس کے ساتھ ساتھ سرفروش غازیوں کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ دہشت گردی ، سپیشل آپریشنز، مجرمان سے مقابلے یا دوران ڈیوٹی کسی بھی واقعہ میں زخمی ہو کر معذور ہونے والے اہلکار محکمے کا قیمتی سرمایہ ہیں ۔ ان جانباز غازیوں کی مالی امداد میں اضافے کی منظوری کیلئے سمری فوری حکومت پنجاب کو بھجوائی جائے۔ پولیس ملازمین کے بچوں کو اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں ہر ممکن محکمانہ سپورٹ فراہم کی جائیگی ۔پولیس ملازمین کے بچوں کے تعلیمی وظائف کی پالیسی کو مزید بہترکرنے کیساتھ ساتھ اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور ایڈیشنل آئی جی فنانس اینڈ ویلفیئر اس حوالے سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دیں ۔ تمام اضلا ع میں مختلف بے ضابطگیوں کی بناء پولیس سروس سے برخاست ملازمین کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کیاجائے اور اگرکہیں کسی برخاست ملازم کی تنخواہ کے معاملے پر کوئی ہیر پھیر نظر آیا تو قصور وار کیساتھ ساتھ متعلقہ سپروائزری افسر بھی جواب دہ ہو گا۔ آر پی اوزاور ڈی پی اوز اپنے تھانوں اور پولیس دفاتر کی فارمل انسپکشنز میں تیزی لائیں اور ان کی رپورٹس سی پی او بھجوائیں۔ ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے محکمانہ واجبات ، پنشن اورانکے لواحقین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

(روز نامہ نوائے وقت)

**********