آئی جی پنجاب کا دہشت گردی اور سپیشل آپریشنز میں زخمی ہوکر معذورہونیو الے ملازمین کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات کا حکم
ایسے جانباز غازیوں کی مالی امداد میں اضافے کی منظوری کیلئے سمری فوری حکومت کو بھجوائی جائے۔ آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب کاترقیاتی سکیموں پرکام کی رفتار پر اظہار عدم اطمینان، پندرہ روزہ پراگریس رپورٹ باقاعدگی سے بھجوانے کی ہدایت
ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر کو ملازمین کے بچوں کے تعلیمی وظائف کی پالیسی مزید بہتر اوراس کا دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت
اگرکہیں برخاست ملازم کی تنخواہ کے معاملے پر کوئی ہیر پھیر نظر آیا تو ذمہ دار کے ساتھ ساتھ سپروائزری افسر بھی جواب دہ ہو گا۔ آئی جی پنجاب
آر پی اوز تھانوں اور پولیس دفاتر کی فارمل انسپکشنز میں تیزی لائیں اور ان کی رپورٹس سی پی او بھجوائیں۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ شہدائے پولیس کے ساتھ ساتھ سرفروش غازیوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی، سپیشل آپریشنز، مجرمان سے مقابلے یا دوران ڈیوٹی کسی بھی واقعہ میں زخمی ہو کر معذور ہونے والے اہلکار محکمے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ان جانباز غازیوں کی مالی امداد میں اضافے کی منظوری کیلئے سمری فوری حکومت پنجاب کو بھجوائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے بچوں کو اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں ہر ممکن محکمانہ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ عامر ذوالفقار خان نے ہدایت کی کہ پولیس ملازمین کے بچوں کے تعلیمی وظائف کی پالیسی کو مزید بہترکرنے کے ساتھ ساتھ اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور ایڈیشنل آئی جی فنانس اینڈ ویلفیئر اس حوالے سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دیں۔ آئی جی پنجاب نے مختلف اضلاع میں جاری سکیموں پر ترقیاتی کام کی رفتار پر اظہار عدم اطمینان کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام آرپی اوزترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتارکو مزید بڑھائیں اور اس حوالے سے پندرہ روزہ پراگریس رپورٹ باقاعدگی سے سی پی او بھجوائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام اضلا ع میں مختلف بے ضابطگیوں کی بناء پولیس سروس سے برخاست ملازمین کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کیاجائے اور اگرکہیں کسی برخاست ملازم کی تنخواہ کے معاملے پر کوئی ہیر پھیر نظر آیا تو قصور وار کے ساتھ ساتھ متعلقہ سپروائزری افسر بھی جواب دہ ہو گا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آر پی اوزاور ڈی پی اوز اپنے تھانوں اور پولیس دفاتر کی فارمل انسپکشنز میں تیزی لائیں اور ان کی رپورٹس سی پی او بھجوائیں۔ یہ ہدایت انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں فورس کی ویلفیئر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ دوران اجلاس شہداء اور غازیوں کیلئے محکمانہ پیکج سمیت فورس کی ویلفیئر سے متعلقہ پیشہ ورانہ امور زیر بحث آئے۔
دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑانے آئی جی پنجاب کو فورس کی ویلفیئر کیلئے جاری اقدامات بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پنجاب پولیس کی ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کااجلاس بھی باقاعدگی سے منعقد کیا جائے اور دوران ڈیوٹی مختلف عارضوں کا شکار ہونے والے ملازمین کی بہترین دیکھ بھال کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے محکمانہ واجبات، پنشن اورانکے لواحقین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اوربچوں کی تعلیم، میڈیکل اوردیگر اخراجات کیلئے انہیں ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز فنانس اینڈ ویلفیئر،لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، ڈی آئی جی ویلفیئر، اے آئی جی ڈویلپمنٹ،اے آئی جی فنانس اور اے آئی جی ایڈمن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ 12 )
نایاب حیدر
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************
