آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور سرچ و کومبنگ آپریشنز میں تیزی کا حکم دے دیا۔ آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ تمام اضلاع میں ڈی پی اوز، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کیساتھ مل کر سرچ و کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں، کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کو مزید موثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ہونیوالے سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر سی پی او بھجوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہوٹلوں، بس اڈوں، سراوں اور کچی آبادیوں سمیت دیگر حساس علاقوں کی چیکنگ کے عمل میں تیزی لائی جائے اور اس میں ہوٹل آئی سے بھی بھرپور استفادہ کیا جائے، تمام اضلاع میں حساس مذہبی مقامات، گرجا گھروں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بطور خاص توجہ دی جائے۔
(روز نامہ جنگ)
**********