آئی جی پنجاب کاراولپنڈی میں جرائم کی صورتحال پر اظہار برہمی، جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت

آئی جی پنجاب کاراولپنڈی میں جرائم کی صورتحال پر اظہار برہمی، جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت
جرائم کنٹرول نہ کرنے والے سپروائزری افسران کو سیٹ پر رہنے کا حق نہیں ہوگا۔ عامر ذوالفقار خان
منشیات، جوے اور جرائم کے دیگر اڈوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشنز کئے جائیں۔ عامر ذوالفقار خان
مری میں برفباری سیزن کے دوران سیاحوں کی سہولت کیلئے ٹورسٹ اور ٹریفک پولیس کی اضافی ٹیموں کو تعینات کیا جائے۔ عامر ذواالفقار خان
 ہوٹلوں سے منتھلیاں لینے،سیاحوں کو بلا جواز تنگ اور غیر پیشہ ورانہ رویے کے حامل اہلکاروں کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔ آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کی راولپنڈی پولیس لائنز میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے۔
ڈی پی او مری کو خاتون انجم ملک کی زمین سے دو روز میں ناجائز قبضہ ختم کروا کررپورٹ سی پی او بھجوانے کا حکم جاری
خاتون شہری رابعہ کے بیٹے کوناجائز حراست میں رکھنے پر ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی کو24گھنٹوں میں  انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کا دورہ راولپنڈی، کرائم میٹنگ کی صدارت کی، کھلی کچہریوں میں شہریوں کے مسائل سنے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے راولپنڈی ریجن میں جرائم کی صورتحال پر اظہار برہمی کرتے ہوئے جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او آفس راولپنڈی میں کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ افسران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت کاروائیوں سے اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں کیونکہ جرائم کنٹرول نہ کرنے والے سپروائزری افسران کو سیٹ پر رہنے کا حق نہیں ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ منشیات، جوے اور جرائم کے دیگر اڈوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشنز کئے جائیں اور بہترین کارکردگی سے شہریوں میں احساسِ تحفظ کی فضا کو مضبوط بنایا جائے۔ عامر ذوالفقار خان نے کہاکہ راولپنڈی شہر میں سٹریٹ کرائم اور ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے، بالخصوص کار اور موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کے واقعات میں ملوث گینگز کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ان کا قلع قمع کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او مری کو ہدایت کی کہ برفباری سیزن کے دوران سیاحوں کی مدد کیلئے بھرپور تیاری رکھی جائے، ڈی پی او خود فیلڈ میں نکل کرشہریوں خاص طور پر فیملیز کوفراہم کی جانے والی خدمات کی انسپکشن کریں اور عوام کوتعاون اور تحفظ کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ہوٹلوں سے منتھلیاں لینے،سیاحوں کو بلا جواز تنگ کرنے اور غیر پیشہ ورانہ رویے کے حامل اہلکاروں کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیرکسی صورت برداشت نہیں، ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی ایف آئی آر میں تاخیر پر ذمہ داران سے جواب طلبی کی جائے گی۔ عامر ذوالفقار خان نے ہدایت کی کہ حساس مقامات، مصروف بازاروں اور مارکیٹوں کے اندر سادہ لباس میں پولیس ٹیموں کو تعینات کیا جائے جبکہ سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے ڈولفن فورس سمیت دیگر فورسز کے گشت کو مزید موثر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ حساس دفاتر، تعلیمی اداروں اور عبادت گاہوں سمیت دیگر عوامی مقامات کا سیکورٹی پلان از سرِ نو ترتیب دیا جائے اور ریجن کے تمام اضلاع میں کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی املاک پر قبضے کرنے والے جرائم پیشہ افراد و مافیاز کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں جبکہ پیشہ ور جیب تراشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کے گینگز کا صفایا کیا جائے۔ دوران اجلاس سی پی راولپنڈی سمیت اٹک، چکوال، جہلم اور تلہ گنگ کے ڈی پی اوز نے اپنے اضلاع کے جرائم گراف اور پولیس کارکردگی بارے بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس لائنز راولپنڈی آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کو سلامی پیش کی، آئی جی پنجاب نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ فاتحہ خوانی کے بعد آئی جی پنجاب نے کرائم میٹنگ کی صدارت کے دوران راولپنڈی ریجن پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ کرائم میٹنگ کے بعد آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات کی اور آر پی اوراولپنڈی اور سی پی راولپنڈی کو بزنس کمیونٹی کے معاملات پر ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا حکم دیا۔
 راولپنڈی پولیس لائنز میں کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے اور شہریوں کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے انکے ازالے کے لیے آر پی او راولپنڈی سمیت ریجن کے تمام ڈی پی اورز کو فوری احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے بیٹے کی جانب سے گھر سے نکالے جانے والی والدہ کی شکایت پرسی پی او راولپنڈی کو فوری ایکشن کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ انکوائری کے بعدخاتون کوفوری گھر میں شفٹ کیا جائے اور  ASIبیٹے کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او مری کو خاتون انجم ملک کی زمین سے دو روز میں ناجائز قبضہ ختم کروا کررپورٹ سی پی او بھجوانے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے خاتون شہری رابعہ کے بیٹے کوناجائز حراست میں رکھنے کی درخواست پر ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی کو 24گھنٹوں میں انکوائری کر کے ذمہ داروں کاتعین کرنے کی ہدایت کی۔ غلام سکینہ کے گھر میں چوری کی واردات پر پولیس ایکشن میں تاخیر پر آئی جی پنجاب نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سی پی او راولپنڈی کو معاملے کی انکوائری کرکے فوری انصاف کی فراہمی کی ہدایت کی۔ اسی طرح آئی جی پنجاب کا جہلم، اٹک اور چکوال سے آئے شہریوں کی درخواستوں پر ایکشن لیا اور تینوں اضلاع کے ڈی پی اوز کو ایک روز کے اندر معاملہ حل کرکے سنٹرل پولیس آفس رپورٹ بھجوانے کا حکم دیا۔آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاکہ شہریوں کی بے لوث خدمت اور حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ راولپنڈی کے بعد پنجاب کے دیگر ریجنز اور اضلاع کے بھی دورے کروں گا۔
 

(ہینڈ آؤٹ )

نایاب حیدر

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Friday, January 6, 2023