انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ سپیشل برانچ پنجاب پولیس کی انتہائی اہم فارمیشن ہے جس کی انٹیلی جنس رپورٹس صوبے کے امن وامان کوبرقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں
افسران دفاتر سے نکلیں اور تمام آر اوز اپنے اضلاع میں امن و امان کی صورتحال اور سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں پرخاص نظر رکھتے ہوئے رپورٹس بھجوائیں۔
آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ ویڈیو لنک کے ذریعے آر اوز سے علاقائی صورتحال بارے پراگریس لیں اور ہر ریجن کی صورتحال اور چیلنجز کی موثر مانیٹرنگ کی جائے ۔ عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ میرا فیورٹ وہ ہے جو کام کرے گا اور جو کام نہیں کرے گااسے جوابدہ ہونا ہو گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ کالعدم تنظیموں اور نقصِ امن میں ملوث سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے سپیشل برانچ اور ضلعی پولیس مل کر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں تاکہ ان عناصر کا جڑ سے خاتمہ یقینی ہوسکے۔
پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میںمکمل ایمانداری، شفافیت اور غیر جانبداری ہر منصب کا تقاضا ہے لہذا رپورٹس کی تیاری میں ان ہدایات پر ہر صورت عمل درآمد کیا جائے ۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپیشل برانچ میں نفری کی کمی کو جلد پورا کرنے کے ساتھ ساتھ جدید وسائل کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے آر او زبہاولپور اور ڈی جی خان کو ہدایت کی کہ وہ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے ساتھ میٹنگ کریں اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے مستقل خاتمے کیلئے جاری کریک ڈائون کومزید موثر بنائیں ۔
آئی جی پنجاب نے دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں میں انعامات اور اسناد بھی تقسیم کیں۔
(روز نامہ نوائے وقت)
***********************